راجندر نگر سے ڈاکٹر کے اغواء کا سنسنی خیز واقعہ

,

   

حیدرآباد : راجندر نگر کے علاقہ قسمت پور میں اغواء کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم افراد نے ایک ڈاکٹر کا اغواء کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 57 سالہ ڈاکٹر بہجت حسین کو بعض نقاب پوش اغواء کنندوں نے آج شام ان کے اپارٹمنٹ سے اغواء کرتے ہوئے اِننووا گاڑی نمبر
AP9Y-0031
میں نامعلوم مقام منتقل کیا۔ اس واقعہ کے بعد مغویہ ڈاکٹر کے افراد خاندان اور علاقہ میں ڈر و خوف کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار اور ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد ایم پرکاش ریڈی وہاں پہنچے اور مغویہ ڈاکٹر کے افراد خاندان سے اغواء کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ واضح رہے کہ مغویہ ڈاکٹر، مشہور ڈاکٹر شمشاد حسین کے فرزند ہیں۔ اسی دوران سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیمیں اور دیگر شعبوں سے وابستہ پولیس کو اغواء کنندوں کا پتہ چلانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اسی طرح پولیس نے راجندر نگر اور اس کے اطراف کے علاقوں بشمول آوٹر رِنگ روڈ اور قومی شاہراہوں کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے اور اغواء کنندوں کی کار کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمشنر سائبرآباد کی راست نگرانی میں مغویہ ڈاکٹر کو اغواء کنندوں کے چنگل سے چھڑانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مغویہ ڈاکٹر اور اغواء کنندوں کے بعض موبائل فون نمبرات کے ذریعہ ان کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ جاننے والے افراد نے ہی اغواء کیا ہوگا۔