راجہ سنگھ کی کرناٹک میں مسلم تاجروں کیخلاف زہر افشانی

   

مردیشور مندر کے اطراف تاجروں کو بیدخل کرنے حکومت سے درخواست، مندرکا دورہ، ویڈیو وائرل
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے مردیشور مندر کے احاطہ سے غیر ہندو دکانات کی برخاستگی کا مطالبہ کرکے تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ انہوں نے مندر کے دورہ کے بعد سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل کرکے کرناٹک حکومت سے اپیل کی کہ مندر کے قریب غیر ہندو افراد کی دکانات کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ مندر کے اطراف کئی نان ہندو افراد نے تجارت کی غرض سے شیڈ قائم کئے ہیں جن کو بھی برخواست کیا جائے۔۔ راجہ سنگھ نے کسی مذہب کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ غیر ہندو ہیں اور بیف کھاتے ہیں، یہ تمام شیڈ غیر قانونی طور پر قبضہ کئے گئے ہیں جہاں سمندری غذاؤں کو فرائی کرتے ہوئے فروخت کیا جارہا ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ اس طرح حکومت جان سکتی ہے کہ میں کس مذہب کے بارے میں بات کررہا ہوں۔ انہوں نے حجاب کے مسئلہ سے نمٹنے کے طریقہ کار پر کرناٹک حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ حکومت نے غیر قانونی قبضوں اور خاص طور پر مندروں کے قریب غیر مجاز قبضہ جات کے خلاف کس طرح کارروائی کی ہے۔ میں کرناٹک حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ مردیشور مندر کو غیر قانونی و غیر ہندو قابضین سے نجات دلائے۔ر