راجیہ سبھا کیلئے منموہن سنگھ کا پرچہ نامزدگی داخل

,

   

جئے پور 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا کے ضمنی انتخاب کے ضمن میں راجستھان سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ راجستھان اسمبلی میں اُنھوں نے ریٹرننگ آفیسر کے اجلاس پر نامزدگی کے چار سیٹس داخل کئے۔ اُنھوں نے بی جے پی کے لیڈر مدن لال سائنی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سائنی کے انتقال کے بعد جون میں یہ نشست مخلوعہ ہوئی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ اس ریاست کے عوام کے کاز کو آگے بڑھانے کے لئے وہ ممکنہ مساعی کریں گے۔ منموہن سنگھ نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کہاکہ ’اس مخلوعہ نشست پر اپنی نامزدگی کے لئے میں کانگریس پارٹی، راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ، ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلیٹ اور کانگریس کے تمام ارکان کا احسان مند ہوں‘‘۔ سائنی کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان حالات کو سمجھتے ہیں جن (حالات) میں یہ نشست مخلوعہ ہوئی ہے۔ پرچہ کے ادخال کے موقع پر 86 سالہ منموہن سنگھ کے ساتھ گہلوٹ، پائلیٹ کے علاوہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج تنظیمی اُمور برائے راجستھان اویناش پانڈے، ریاستی وزیر پارلیمانی اُمور، شانتی دھاری وال، چیف وہپ مہیش جوشی، وزیر صحت رگھو شرما بھی موجود تھے۔