راجیہ سبھا کی 7 نشستوں کے امیدواروں کیلئے تلگو ریاستوں میں سرگرمیاں تیز

   

کے سی آر کی پارٹی قائدین سے مشاورت، ونود کمار و پرکاش راج کے نام زیر غور، اے پی میںوجئے سائی ریڈی کو دوبارہ موقع
حیدرآباد۔13۔ مئی (سیاست نیوز) تلگو ریاستوںکی جملہ 7 راجیہ سبھا نشستوں کے شیڈول کی اجرائی کے بعد برسر اقتدار پارٹیوں نے امیدواروں کو انتخاب کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ تلنگانہ میں دو نشستوں کے لئے شیڈول جاری کیا گیا جبکہ ایک نشست کے ضمنی چناؤ کا نوٹفکیشن جاری ہوچکا ہے۔ کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد 21 جون کو ختم ہوگی جبکہ ضمنی چناؤ والی نشست کی میعاد اپریل 2024 ء تک رہے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے امیدواروں کے سلسلہ میں پارٹی قائدین سے مشاورت کا آغاز کردیا ۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی جائے گی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق 15 اور 16 مئی کو چیف منسٹر راجیہ سبھا نشستوں پر وزراء و سینئر قائدین سے مشاورت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اپنے طور پر ناموں کو قطعیت دے دی تاہم قائدین سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ 3 نشستوں کیلئے تقریباً 10 مضبوط دعویدار ہیں جن میں بعض ایسے ہیں جنہیں چیف منسٹر نے راجیہ سبھا نشست دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ضمنی چناؤ والی نشست کیلئے 19 مئی تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 30 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ دوسری دو نشستوں کے الیکشن کیلئے 24 مئی کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سیاست میں چیف منسٹر کی دلچسپی کے پیش نظر راجیہ سبھا کے امیدواروں کے انتخاب میں ترجیح ایسے قائدین کو دی جائے گی جو قومی سطح پر اہم رول ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قومی سیاست پر عبور کے علاوہ ہندی زبان سے واقف قائدین کو ترجیح دی جائے گی۔ فلم اسٹار پرکاش راج اور پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار کے نام متوقع امیدواروں کی فہرست میں شامل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ 3 نشستوں کے امیدواروں کے انتخاب میں کمزور طبقات کی نمائندگی پر بھی توجہ رہے گی۔ دوسری طرف آندھراپردیش میں 4 لوک سبھا نشستوں کیلئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے مشیروں سے مشاورت کی ہے۔ وجئے سائی ریڈی کو دوسری مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنا تقریباً طئے ہوچکا ہے ۔ باقی 3 نشستوں میں ایک نشست ممتاز صنعتکار اڈانی کے خاندانی فرد کو الاٹ کرنے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے۔ اڈانی نے حالیہ عرصہ میں دو مرتبہ جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی تھی۔ بی سی زمرہ سے نیلور سے تعلق رکھنے والے بی پرساد راو کا نام زیر غور ہے۔ جگن کے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی پیروی کرنے والے نرنجن ریڈی کو بھی راجیہ سبھا نامزد کئے جانے کا امکان ہے ۔ خواتین زمرہ سے سابق مرکزی وزیر کے کرپا رانی کا نام گشت کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر 4 نشستوں میں ایک نشست کسی مسلم قائد کو الاٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم امیدواروں کے بارے میں قطعی فیصلہ 24 مئی کو نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد کیا جائے گا ۔ر