راہول گاندھی ، تلنگانہ میں چھ جلسوں سے خطاب کریں گے

,

   

حیدرآباد ۔ /20 مارچ ( پی ٹی آئی) کانگریس کے صدر راہول گاندھی تلنگانہ میں اپنی پارٹی کے چھ بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ ان کی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو یہاں متعدد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ تلنگانہ میں اے آئی سی سی انچارج راماچندرا کنٹیا سابق رکن پارلیمنٹ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’ پروگرام کے مطابق راہول گاندھی یہاں چھ جلسوں سے خطاب کریں گے ‘ ۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کے 17 حلقے ہیں جہاں انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت /11 اپریل کو رائے دہی ہوگی ۔ کانگریس کھمم کے سواء تمام حلقوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے ۔ تلنگانہ میں گزشتہ سال /7 ڈسمبر کو منعقدہ 119 رکنی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس کو بدترین شکست ہوئی تھی اور اس کو صرف 19 نشستوں پر اکتفاء کرنا پڑا تھا ۔ کنٹیا نے مزید کہا کہ ملک میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ کے سی آر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا قومی سطح پر کوئی سیاسی وجود نہیں ہے ۔ ان کی ٹی آر ایس ایک علاقائی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا محض برائے نام وجود ہے ۔ ’ تلنگانہ میں کانگریس ( اور ٹی آر ایس) کے سواء کسی دوسری پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ کنٹیا نے کہا کہ ’ یہ چونکہ قومی انتخابات ہیں چنانچہ یہ کانگریس بمقابلہ بی جے پی ہوں گے ۔ لیکن تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ ہم یہاں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرسکیں گے ۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی کو حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے نامزد کرنے سے متعلق سوال پر کنٹیا نے جواب دیا کہ کانگریس اپنے کارکنوں کو ایک مضبوط پیغام دینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہم قائدین ، اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ریونت ریڈی وغیرہ انتخابی مقابلہ کررہے ہیں تاکہ پارٹی کارکن حالیہ اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے سبب اس بات پر پست حوصلہ نہ ہوں کہ ریاست میں پارٹی کمزور ہے ۔