راہول گاندھی بھی کورونا پازیٹیو

,

   

 نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی بھی آج منگل کو کوویڈ ۔ 19 کے ٹسٹ میں پازیٹیو پائے گئے۔ اُنھوں نے خود یہ اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعہ دی اور عوام سے کوویڈ رہنمایانہ خطوط کی تعمیل کرنے کی اپیل کی۔ کانگریس لیڈر نے ٹوئٹ کیاکہ اُنھیں کورونا وائرس سے  متاثر ہونے کی معمولی علامات نظر آئیں جس پر اُنھوں نے کوویڈ ٹسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ اُنھوں نے اپیل کی کہ حالیہ عرصہ میں جو کوئی اُن سے ربط میں رہا ہے، وہ برائے مہربانی تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور سلامت رہیں۔ راہول سے قبل ملک بھر میں کئی ریاستوں کے چیف منسٹرس بشمول یوگی آدتیہ ناتھ اور سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی کورونا وائرس ٹسٹ میں پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اِن میں سے تمام چند دنوں کے علاج معالجہ کے بعد صحت یاب ہوگئے اور اُمید ہے کہ راہول بھی شفایاب ہوجائیں گے۔ اُن کی پارٹی کے کئی قائدین اور دیگر قومی قائدین نے بھی راہول کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 

مائیگرنٹ ورکرس کے کھاتوں میں رقم جمع کرانے راہول کی اپیل
نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج لاک ڈاؤن کی وجہ سے وطن واپس جانے پر مجبورمائیگرنٹ ورکرس کے ساتھ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کا حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مالی پریشانی نہ ہو۔ لہٰذا ان کے بینک اکاؤنٹس میں چھ ہزار روپے فوری طور پر جمع کرائے جانے چاہئے ۔ راہول نے ٹویٹ کیا کہ مائیگرنٹ ورکرس ایک بار پھر نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں مرکزکی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرائے ۔ لیکن کورونا پھیلانے کیلئے عوام کو قصوروار قرار دینے والی سرکار کیا ایسا ہمدردانہ قدم اٹھائے گی ؟کانگریس کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی بات نہیں سنتی ہے اور ان کی تجاویز کا مذاق اڑاتی ہے ۔