راہول گاندھی کو ’ رافیل فوبیا ‘ ملک کی سلامتی سے کھلواڑ

   

وزیر اعظم مودی کے خلاف کانگریس صدر کی زبان افسوسناک : مرکزی وزیر روی شنکرپرساد

حیدرآباد 10 فبروری ( پی ٹی آئی ) بی جے پی نے آج کانگریس صدر راہول گاندھی پر تنقید کی جو رافیل معاملت پر مسلسل وزیر اعظم کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی ملک کی سلامتی سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ انداز میں کھلواڑ کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ راہول گاندھی بے شرمی سے دروغ گوئی کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے خلاف وہ جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ انہیں ذیب نہیں دیتی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو رافیل فوبیا ہوگیا ہے اور وہ وزیر اعظم کے خلاف جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ مناسب نہیں ہے ۔ روی شنکر پرساد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی خاندان کے کئی افراد کے خلاف رشوت کے مقدمات چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بوفورس کیس میں راہول کے والد راجیو گاندھی کے خلاف رشوت کے الزامات تھے ۔ اندرا گاندھی کا کرپشن ریکارڈ بھی سب کے سامنے ہے جو راہول کی دادی تھیں۔ ہم نے کبھی ان کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کی جیسی زبان راہول گاندھی نریندر مودی کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے رافیل معاملت کو طئے نہیں کیا تھا ۔ کانگریس نے ایسا اس لئے کیا کیونکہ اسے کوئی کمیشن نہیں مل رہا تھا ۔ کمیشن نہ ملنے کے عوض اس معاملت کو التوا کا شکار کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں اقتدار پر آنے کے بعد مودی نے رافیل معاملت کو طئے کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ انڈین ائر فورس کو لڑاکا طیاروں کی ضرورت تھی ۔ انہوں نے ایک بار پھر یہ دعوی کیا کہ این ڈی اے حکومت نے رافیل طیاروں کی جو قیمت طئے کی ہے وہ سابقہ یو پی اے کی طئے کردہ قیمت سے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طئے کردہ قیمت یو پی اے حکومت کی قیمت سے 9 فیصد کم ہے اور مکمل ہتھیاروں کی تنصیب کے ساتھ یہ قیمت 20 فیصد کم ہے ۔ انہوں نے راہول گاندھی سے خواہش کی کہ وہ ملک کی سلامتی اور سکیوریٹی کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں ۔ وہ ہندوستان میں جو کچھ کہتے ہیں وہ دوسرے دن پاکستانی میڈیا کی سرخیوں میں ہوتا ہے ۔ راہول گاندھی انتہائی غیر ذمہ داری کے ساتھ ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔