رباط میں عازمین حج کے قیام کیلئے 4 مئی کو قرعہ اندازی

,

   

۔1223 عازمین کا مکہ مکرمہ کی تین عصری عمارتوں میں قیام، ناظر رباط حسین محمد الشریف کی خصوصی مساعی

حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کے سلسلہ میں عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی 4 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف قرعہ اندازی کے موقع پر موجود رہیں گے ۔ وہ بطور خاص سعودی عرب سے حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے بکوتما علاقہ میں حیدرآبادی رباط کی تین عمارتیں بنیادی سہولتوں کے ساتھ موجود ہیں۔ ان تینوں عمارتوں میں 1223 عازمین حج کے قیام کی گنجائش رہے گی۔ گزشتہ سال سعودی حکومت نے 1286 عازمین کے قیام کی تصریح کو منطوری دی تھی جبکہ جاریہ سال 1223 عازمین کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ قرعہ اندازی 4 مئی کو سہ پہر 4 بجے چو محلہ پیالس خلوت میں ہوگی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ناظر رباط حسین محمد الشریف کے علاوہ حج کمیٹی کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ اسی دوران حسین محمد الشریف نے سیاست کو بتایا کہ تینوں عمارتوں میں علی الترتیب 383 ، 420 اور 420 عازمین کے قیام کی گنجائش موجود ہے۔ یہ عمارتیں حرم شریف سے دیڑھ کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ریاست حیدرآباد کے تمام اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کے 31 اضلاع کے علاوہ کرناٹک کے بیدر ، گلبرگہ ، رائچور اور یادگیر اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کے کور نمبرس قرعہ اندازی میں شامل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے 8 اضلاع عثمان آباد ، اورنگ آباد ، بیڑ ، ناندیڑ ، پربھنی ، لاتور ، ہنگولی اور جالنہ کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین بھی قرعہ اندازی کا حصہ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں 1223 عازمین کی فہرست تیار کی جائے گی جبکہ 100 عازمین کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا جائے گا۔ منتخب عازمین کی فہرست دوسرے دن رباط کے ویب سائیٹ پر جاری کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نظام اوقاف کمیٹی کے اشتراک سے قرعہ اندازی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ حسین شریف نے بتایا کہ وہ گزشتہ 23 برسوں سے ناظر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال 1278 حجاج کرام کو رباط میں قیام سے 6 کروڑ روپئے کی بچت اور جاریہ سال بھی توقع ہے کہ 7 تا 8 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی۔ 1996 ء 2018 ء تک حیدرآبادی رباط میں عمرہ اور حج کے ایک لاکھ تین ہزار 603 عازمین کی خدمت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں عازمین حج کو تمام بنیادی سہولتیں مفت فراہم کی جاتی ہیں ، جن میں لانڈری ، فری انٹرنیٹ ، وہیل چیر ، ایرکنڈیشنڈ کمرے ، ہاؤس کیپنگ ، حرم جانے اور واپسی کیلئے بس سرویسز ، 24 گھنٹے ریسپشنس ، ہر فلور پر زم زم اور نماز گاہ شامل ہے۔ ناظر رباط نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں عازمین کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے ناظر کی حیثیت سے عازمین کی خدمات کے طویل سفر میں جناب زاہد علی خاں کی رہنمائی اور سرپرستی کا بطور خاص ذکر کیا اور کہا کہ جناب زاہد علی خاں نے ہر موڑ پر ان کی رہنمائی کی جس کے نتیجہ میں وہ بہتر خدمات انجام دے پا رہے ہیں ۔ انہوں نے نواب خیرالدین علی خاں اور وزیر داخلہ محمد محمود علی کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔