رمضان المبارک اور اسکولس کو تعطیلات ایک ساتھ ہونے کی وجہ سے عازمین عمر ہ میں اضافہ 

,

   

حیدرآباد: رمضان المبارک او راسکولس کے سالانہ تعطیلات ایک ساتھ ہونے کی وجہ سے عمرہ عازمین میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ لوگ اپنے اہل خانہ او ربچوں کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ عمرہ سال میں کبھی بھی کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن رمضان میں فضیلت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ ریاست بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب کا رخ کررہے ہیں ۔

حج و عمرہ ٹور آرگنائزرس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو ررکن حافظ محمد فیاض علی نے بتایا کہ عام طورپر رمضان المبارک کے موقع پر لوگ تنہا یا اپنی اہلیہ کے ساتھ جاتے ہیں ۔ لیکن اب بچوں کے اسکولس کو تعطیلات ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو بھی ساتھ لیجانے کیلئے کوشاں ہیں ۔

عازمین عمرہ میں اضافہ کی وجہ سے سعودی عرب میں قیام او ردیگر مراعات فراہم کرنے کے لئے مشکلات پیش آرہی ہے ۔ایک دوسرے ٹور آپریٹر نے بتایا کہ ہم عازمین عمرہ سے چالیس ہزار روپے میں اکنامک کلاس کے مراعات فراہم کررہے ہیں ۔ تمام ایئر لائنس ایک ماہ قبل سے بک کر چکے ہیں ۔ عام طورپر سعودی عرب کا ٹکٹ پچیس سے تیس ہزار روپے کے درمیان مل جاتا ہے لیکن رمضان میں ہجوم کے باعث ایئر لائنس بھی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بڑھاکر ایک ٹکٹ کی قیمت 45,000روپیہ کردیتی ہے۔ عمرہ کے کئی پیکجس ہیں ان میں 65,000روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک کا ہے ۔ ایک ٹور آپریٹر مرزا فیض بیگ نے بتایا کہ رمضان کی وجہ مکہ و مدینہ میں ہوٹل کرایہ میں بے تحاشہ اضافہ کردیا جاتا ہے ۔