رمضان المبارک میں ہر مسلمان اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا خواہاں: ٹرمپ

,

   

واشنگٹن۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بالآخر اپنے پیشرو صدور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وائٹ ہاؤز میں دعوت افطار کا اہتمام کیا۔ یاد رہے کہ اس وقت عالم اسلام رمضان المبارک کا مقدس و بابرکت مہینہ میں روزے رکھ رہا ہے جہاں صبح صادق سے غروب آفتاب تک ہر مسلمان بالغ و عاقل نہ صرف کھانے پینے سے دور رہتا ہے بلکہ زائد عبادتوں میں اپنا وقت گزارتا ہے۔ افطار ، نمازمغرب سے قبل کیا جاتا ہے جس میں متعدد اشیائے خوردنی جیسے پھل، خشک میوے، تلن کی اشیاء اور جوس وغیرہ شامل ہوئے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطحی سفارت کاروں کو پیر کے روز دعوت افطار پر مدعو کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مسلمانان عالم صبح صادق سے غروب آفتاب تک ہوئے بھوکے پیاسے (روزہ) رہتے ہیں اور اپنا زیادہ وقت ذکر و اذکار میں گزارتے ہیں تاکہ اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل کی جاسکے۔ رمضان المبارک میں غریبوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور انہیں زکوۃ کے عنوان سے رقومات اور ملبوسات وغیرہ دیئے جاتے ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ رمضان المبارک رواداری کا مہینہ ہے جس کے ذریعہ ایسے خاندان بھی ایک ہی دسترخوان پر جمع ہوجاتے ہیں جو عام دنوں میں ایک ساتھ جمع نہیں ہوپاتے۔ رمضان المبارک کو امن کا مہینہ بھی قرار دیا گیا ہے جہاں اللہ نے بندوں کو خصوصی ہدایت دی ہے کہ اس مقدس مہینے میں اگر کوئی آپ سے لڑنا چاہے تو اسے یہ کہہ کر ٹال دیں کہ میں روزہ سے ہوں۔ آج ان ہی جذبات اور احساسات کے ساتھ ہم سب یہاں افطار کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ وائیٹ ہاؤز کے اسٹیٹ ڈائننگ روم میں ٹرمپ مدعوئین سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اپنی مختصر تقریر میں رمضان کی برکتوں، فضیلتوں اور سعادتوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج ان مسلمانوں کو بھی یاد کرنا چاہتے ہیں جو نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد میں شہید کردیئے گئے۔ ان مسلمانوں کے علاوہ ان عیسائیوں اور یہودیوں کو بھی یاد کرنے کی ضرورت ہے جو سری لنکا، کیلیفورنیا اور پٹس برگ میں دہشت گردی کا شکار ہوئے۔ ٹرمپ کے مطابق آج دہشت گردی اور مذہبی منافرت کے عفریت کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینے کی ضرورت ہے۔ آج زمانہ بڑا خراب ہے۔ ہر طرف خونریزی اور جنگ و جدال کا ماحول گرم ہے۔ ہمیں ایک ایسا ماحول تیار کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہر مذہب کا پیروکار بلاخوف و خطر اپنے مذہبی ارکان ادا کرسکے۔ آج گاڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ امریکہ ایک ایسا ملک ہے جہاں بلالحاظ مذہب و ملت ہر کوئی مل جل کر آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکتا ہے۔ امریکی صدور کی بھی روایت رہی ہے کہ وہ چنندہ شخصیات کیلئے وائٹ ہاؤز میں افطار پارٹی اور ڈنر کا اہتمام کرتے رہے ہیں۔

وائیٹ ہاؤز میں افطار
صدر ٹرمپ کا خطاب
واشنگٹن ۔ /14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رمضان یہاں امریکہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کیلئے مقدس مہینہ ہے ۔ عبادت کے اس مہینے میں مسلمان طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں اور خدا سے اپنی وابستگی مضبوط بنانے کے لئے عبادت اور روحانی زندگی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں ۔ رمضان خیرات ، دوسروں کی مدد اور ہمارے ساتھی شہریوں کی خدمت کرنے کا وقت ہے ۔ رمضان ایک نہایت خاص وقت ہوتا ہے ۔ یہ خاندانوں ، ہمسایوں اور معاشرتی ارکان کی حیثیت سے ایک دوسرے سے قریب آنے کا موقع ہے ۔