رچہ کنڈہ ایڈیشنل انسپکٹر پولیس کو کورونا وائرس مثبت

   

مریض گاندھی ہاسپٹل منتقل، افراد خاندان ہوم کورنٹائن
حیدرآباد۔/22مئی، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ میں ایک اور پولیس عہدیدار کو کورونا وائرس کے مثبت نتیجہ کے بعد گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ بالا پور پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایڈیشنل انسپکٹر ( ڈی آئی ) کی طبی جانچ کے بعد انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد اس عہدیدار کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ان کے افراد خاندان کو ہوم کورنٹائن کردیا گیا اور سخت نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اس انسپکٹر کے تمام قریبی روابط والے عہدیداروں اور پولیس عملہ کی بھی طبی تشخیص شروع کردی ہے اور پولیس اسٹیشن سے وابستہ انسپکٹر کے قریبی ملازمین کو بھی ہوم کورنٹائن کا حکم دیا گیا ہے۔ اور پولیس اسٹیشن کے دیگر عملے کو سخت احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ سماجی فاصلہ کو قائم رکھتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس انسپکٹر کے مکان واقعہ حبشی گورہ اسٹریٹ نمبر 8 میں مقیم افراد خاندان اور پولیس عملہ کو ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے۔ متاثرہ عہدیدار چہارشنبہ سے چھٹی پر تھا۔ اس عہدیدار کو گزشتہ پانچ دنوں سے کھانسی کی شکایت تھی اور گزشتہ دن سے شدید بخار سے انسپکٹر پریشان تھے جنہیں ڈاکٹرس سے رجوع کیا گیا اور ڈاکٹرس کے مشورہ پر ان کی طبی جانچ کی گئی اور کورونا ٹسٹ کیا گیا۔ جس کا نتیجہ حاصل ہونے کے بعد اس عہدیدار کو فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔