ریاست میں سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا اولین ترجیح :شیو راج

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ جو لوگ سماجی تانے بانے کو بگاڑتے ہیں، مختلف طبقوں میں دوری پیدا کرتے ہیں اور انتشار پھیلاتے ہیں ان پرکڑی نظر رکھی جائے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ چوہان نے آج صبح یہاں رہائش گاہ سے سیونی ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گائے کی نقل و حمل ، گائے ذبیحہ میں ملوث افراد اور اس سے جڑے افراد کی جانچ پڑتال کرکے ان کے نیٹ ورک کو تباہ کیا جائے ۔ چوہان نے کہا کہ ترقی اور عوامی خدمت کے ذریعے ہمیں مختلف طبقوں میں اعتماد پیدا کرکے سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ مختلف طبقوں کے درمیان فاصلے کسی قیمت پر نہ بڑھیں۔جائزہ میٹنگ میں چوہان نے دبنگوں اور مافیاؤں کے تجاوزات سے آزاد کرائی گئی زمین کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ جس پر سیونی کلکٹر نے بتایا کہ اب تک 200 ایکڑ اراضی کو آزاد کرایا گیا ہے ، اس زمین کو ‘پردھان منتری آواس اور مکھی منتری بھو ادھیکار یوجنا’کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے ۔ سیونی ضلع میں پینے کے پانی کی صورتحال پر کلکٹر سیونی نے بتایا کہ ضلع میں 929 نل کے پانی کی اسکیمیں چل رہی ہیں۔