ریاست کے 3,685 خوش نصیب عازمین حج کا قرعہ اندازی میں انتخاب

,

   

اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا، حج کمیٹی کی ویب سائیٹ پر تفصیلات دستیاب

حیدرآباد ۔ 12 جنوری (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ کے 3,685 خوش نصیب عازمین حج کا آج کمپیوٹر قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ ریاست میں پنچایت انتخابات کے پیش نظر نافذ کوڈ آف کنڈکٹ کے باعث الیکشن کمیشن نے صرف سرکاری عہدیداروں کو ہی سادگی کے ساتھ قرعہ اندازی انجام دینے کی اجازت دی تھی چنانچہ آج صبح حج ہاؤز میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے حج درخواست گذاروں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال ریاست بھر میں جملہ 13,388 آن لائن درخواستیں داخل کی گئیں۔ مرکزی حج کمیٹی نے تلنگانہ کو جملہ 4,169 کا کوٹہ الاٹ کیا۔ اس میں سے 484 درخواستیں 70 سال یا زائد عمر کے درخواست گذاروں کی تھیں جن کا محفوظ زمرہ کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آ گیا۔ اس کے بعد کوٹہ میں سے 3,685 نشستیں اور 12,884 درخواست گزار باقی رہ گئے، ان ہی درخواست گذاروں میں سے قرعہ اندازی رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عام زمرہ میں سب سے زیادہ 8,116 درخواستیں حیدرآباد سے اور سب سے کم 4 درخواستیں محبوب آباد سے وصول ہوئی ہیں۔ محفوظ زمرہ کے تحت بھی سب سے زیادہ 295 درخواستیں حیدرآباد سے وصول ہوئی ہیں جبکہ 9 اضلاع ایسے ہیں جہاں سے محفوظ زمرہ میں کوئی درخواست وصول نہیں ہوئی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے اور نشستوں کے منسوخ کئے جانے اور دوسری ریاستوں کی فاضل نشستیں حاصل ہونے کے بعد کوٹہ میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ان زائد نشستوں کا ویٹنگ لسٹ میں سے انتخاب عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذار قرعہ کی تفصیلات حج کمیٹی ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in کے علاوہ تلنگانہ حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.telanganastatehajcommittee.com سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گذاروں کے فون نمبر پر بھی ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔