سابق افغان وزیر خارجہ کے گھر سے شراب کا ذخیرہ برآمد

   

معزول حکومت کے اعلیٰ منصب والے ارکان کی پرتعیش زندگی بتدریج آشکار

کابل : سوشل میڈیا پر کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب طالبان افغانستان کے سابق حکمرانوں کی عیاشیوں اور مادہ پرستی کو بے نقاب نہ کرتے ہوں۔ کسی کا محل عالیشان اور قیمتی اشیاء سے مالا مال ہے تو کسی کے وسیع و عریض گھر سے ڈالرز اور سونے کے سکے برآمد ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں عبد الرشید دوستم کے محل نما گھر اور نائب صدر امر اللہ صالح کے گھر سے ڈالرز کی برآمدگی کی ویڈیوز وائرل ہوچکی ہے جب کہ ایسی خبریں بھی زیر گشت ہیں کہ اشرف غنی ملک سے فرار ہوتے ہوئے ڈالرز سے بھرے سوٹ کیس اور ہیلی کاپٹر ساتھ لیکر گئے ہیں۔آج بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں طالبان کی طرح دکھائی دینے والے چند لوگ ایک گھر میں داخل ہو رہے ہیں اور ایسے کمرے میں جاتے ہیں جہاں لاتعداد اور قسم قسم کی شراب کی بوتلیں رکھی ہوئی ہیں۔ساتھ ہی ساتھ ویڈیو ریکارڈ کرنے والا یہ بھی بتا رہا ہے کہ یہ گھر سابق وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا ہے جو ملک سے جاچکے ہیں تاہم پیچھے یہ جائیداد چھوڑ گئے ہیں۔صلاح الدین ربانی سابق افغان صدر اور سویت یونین کیخلاف جنگ لڑنے والے کمانڈر برہان الدین ربانی کے صاحبزادے ہیں۔ویڈیو کے حوالے سے سابق وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کا ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہوسکی ہے۔