سات دہائیوں کی ہندوستان کی ترقی مودی نے برباد کردی : راہول

,

   

جمہوریت دَم توڑ رہی ہے، ہر آزاد تنظیم کی کمان آر ایس ایس کے ہاتھوں میں، کانگریس لیڈر کی پریس کانفرنس

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک میں جمہوریت دم توڑ رہی ہے اور قوم نے 70 سالوں میں جو کچھ بھی کمایا ہے ، وہ اس حکومت کے آٹھ سال کی مدت کار میں ختم ہوگیا ہے۔جمعہ کی صبح یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک خصوصی پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی نے کہا کہ آج جمہوریت دم توڑ رہی ہے ۔ ملک نے 70 سال میں جو کچھ بنایا آٹھ سال میں وہ سب کچھ ختم ہو گیا ہے ۔ آج ملک میں جمہوریت نہیں ہے ۔ صرف چار لوگوں کی آمریت چل رہی ہے ۔ کانگریس مہنگائی، بے روزگاری اور سماج کو تقسیم کرنے کی کوششوں پر پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر بحث کرنا چاہتی ہے لیکن انہیں بولنے نہیں دیا جاتا اور اگر وہ بولنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاتا ہے اور یہ ملک کی موجودہ حالت کی حقیقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ ساتھ پوری اپوزیشن عدالتی اداروں، میڈیا اور دیگر آزاد اداروں کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہے کیونکہ ان اداروں کے زور پر ہی اپوزیشن عوام کی بات حکومت کے ساتھ کرتی ہے ، لیکن آج صورتحال بدل گئی ہے ۔ اپوزیشن کی بات کو دبا دیا جاتا ہے اور عوام کے لیے ان کی لڑائی کمزور پڑ جاتی ہے کیونکہ آج آر ایس ایس کا آدمی ہر آزاد تنظیم میں بیٹھ گیا ہے اس لیے اپوزیشن کی لڑائی مشکل ہو گئی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک کے مفاد عامہ کے تمام اداروں پر ایک نظریے کا قبضہ ہو چکا ہے ، اس لیے لڑائی اب سیاسی پارٹی سے نہیں، بلکہ اس نظریے سے ہے جو پارٹی کو پروان چڑھاتی ہے۔ پہلے دو سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی ہوتی تھی لیکن اب ایک نظریہ کے قبضے والی سیاسی جماعت کی حکومت کے خلاف لڑائی ہے ۔ راہول نے کہا کہ مہنگائی نے پورے ملک کو بدحال کر دیا ہے ۔ جہاں بھی جائیں گے ہرآدمی مہنگائی کے خلاف آگ اگل رہا ہے ۔ حکومت کا اسٹارٹ اپ جیسا آئیڈیا ٹائیں ٹائیں ہوچکا ہے اور صرف نعرہ بن کر رہ گیا ہے ۔انہوں نے حکومت پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کووڈ میں ملک کی حکومت کہتی رہی ہے کہ اس وبا سے کسی کی موت نہیں ہوئی، جب کہ اقوام متحدہ نے کہا کہ حکومت ہند جھوٹ بول رہی ہے ۔ گجرات میں لاشوں کے ڈھیر لگے ، گنگا میں لاکھوں لاشیں تیرتی رہیں لیکن ہندوستانی حکومت اسے غلط بتاتی رہی۔راہول نے کہا کہ حکومت بے روزگاری اور مہنگائی کے بارے میں اسی طرح کا جھوٹ بول رہی ہے ۔ بے روزگاری غیر معمولی رفتار سے بڑھ رہی ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ بے روزگاری ہے ہی نہیں ۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے لیکن ملک کی وزیر خزانہ کہتی ہیں کہ مہنگائی بالکل نہیں ہے ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ پورا ڈھانچہ ان کے پاس ہے اور وہ اپنے طریقے سے اس کی تعریف کرکے ملک کے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ سچ بولتے ہیں تو حکومت انہیں نشانہ بنانا شروع کر دیتی ہے ۔