سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو انتخابات لڑنے کی اجازت پر این آئی اے سے جواب طلبی

,

   

ممبئی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے عدالت ممبئی نے سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو جاری یہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے کی اجازت دینے پر این آئی اے سے جواب طلب کیا ہے۔ مالیگاؤں دھماکوں 2008ء کے ایک مہلوک کے والد نثار احمد سید بلال کی درخواست پر این آئی اے کی عدالت نے یہ اقدام کیا۔ این آئی اے نے سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو جو مالیگاؤں دھماکے مقدمہ کی ایک ملزم ہے اور دیگر 7 افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے۔ بلال نے نشاندہی کی کہ سادھوی طبی بنیادوں پر مشروط ضمانت پر رہا ہے۔ بامبے ہائیکورٹ نے 2017ء میں انہیں رہا کیا تھا۔ ان میں سے ایک شرط یہ بھی ہیکہ سادھوی کو مقدمہ کی ہر سماعت میں حاضر رہنا ہوگا۔ وہ خرابی صحت کے بہانے غیرحاضر نہیں رہ سکتی۔ علاوہ ازیں کہا گیا ہیکہ این آئی اے نے پرگیہ ٹھاکر کو بے قصور بھی قرار دیا ہے۔ عدالت نے اس مسئلہ کا جائزہ نہیں لیا ہے۔ اکٹوبر 2018ء میں سادھوی کے خلاف عدالت نے مزید الزامات عائد کئے تھے۔

کانگریس اور عمرعبداللہ
سادھوی کو اجازت پر برہم
ممبئی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہاکہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو بھوپال لوک سبھا نشست سے امیدوار بناکر بی جے پی نے ثابت کردیا کہ وہ قومی سلامتی کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے جس کی وہ تشہیر کیا کرتی ہے جبکہ سرینگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر سادھوی پرگیہ ٹھاکر انتخابات میں مقابلہ کرنے کیلئے مناسب ہے تو وہ جیل جانے کیلئے بھی صحتمند ہے۔