سالارجنگ میوزیم گیٹ پر مندر کی توسیع کی کوشش ناکام

,

   

جی ایچ ایم سی کی شکایت پر پولیس کی بروقت مداخلت اور موثر کارروائی
حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) سالارجنگ میوزیم کے باب الداخلہ کے قریب واقع چھوٹی سے مندر کو دیوار اٹھاکر توسیع دینے کی کوششوں کو محکمہ پولیس کی مستعدی نے ناکام بنا دیا اور اس مقام پر تعمیری کام انجام دینے والے مزدور پولیس کی آمد کے ساتھ ہی فرار ہوگئے۔ شہر کی مصروف ترین سڑک پر باضابطہ پلاسٹک کی شیٹ لگاتے ہوئے فٹ پاتھ پر تعمیراتی سرگرمیاں انجام دی جا رہی تھیں جس کی اطلاع ساؤتھ زون زونل کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو دئیے جانے پر انہوں نے شکایت کنندہ کو پولیس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیاجبکہ فٹ پاتھ پر جاری تعمیری سرگرمیو ںکو روکنے کی ذمہ داری جی ایچ ایم سی کی ہوتی ہے اور غریب عوام کو فٹ پاتھ پر کاروبار سے روکنے میں جی ایچ ایم سی عملہ مستعدی کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن عالمی شہرت یافتہ میوزیم جہاں دنیا بھر کے قیمتی نوادرات موجود ہیں اس کے روبرو انجام دی جانے والی غیر قانونی مندر کی توسیع کے معاملہ پر متوجہ کروانے کی صورت میں جی ایچ ایم سی کے اس طرز عمل سے یہ پتہ چلتا ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیدار کس حد تک سنجیدہ ہیں۔محکمہ پولیس کو اس بات کی اطلاع موصول ہوتے ہی اسپیشل برانچ کی مداخلت کے ساتھ ہی مقامی ؎پولیس عہدیدار حرکت میں آگئے اور اے سی پی میر چوک کو فوری جائے واقعہ کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی جس پر انہوں نے مکمل معائنہ کرتے ہوئے اعلی عہدیداروں کو رپورٹ پیش کردی۔ بتایاجاتا ہے کہ نورحان بازار کا رہائشی وی ایچ شرون کمار جو کہ 4سال قبل بھی اس طرح کی کوشش کرچکیا ہے اسی نے آج دوبارہ یہ کوشش کی ہے لیکن پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ اینٹ اور سلاخوں کی مدد سے مند ر کو توسیع دینے اور اونچا کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جس کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے کاروائی کی اور تعمیری سرگرمیوں کو فوری بند کروادیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل کرتے ہوئے پولیس وی ایچ شرون کمار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے پہلو کا جائزہ لے رہی ہے کیونکہ اس مندر کی توسیع کی اطلاع شہر میں سوشل میڈیا کے ذریعہ تیزی کے ساتھ پھیل گئی جس کے سبب شہر یوں میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہونے لگی تھی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق محکمہ پولیس اسپیشل برانچ کی نگرانی میں رات دیر گئے کاروائی کرتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں کے لئے لائی گئی تعمیری اشیاء کو ضبط کرنے کی کاروائی انجام دے گی