سروے ست نارائنا اے آئی سی سی کی تادیبی کمیٹی سے رجوع

   

جائزہ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی وضاحت ، پردیش کانگریس صدر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر قائد سروے ست نارائنا آج نئی دہلی میں پارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ گزشتہ ہفتہ حیدرآباد میں پارٹی کے جائزہ اجلاس میں صدرپردیش کانگریس اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے خلاف بعض ریمارکس کرنے پر انہیں معطل کردیا گیا تھا۔ سروے ست نارائنا چونکہ اے آئی سی سی کے رکن ہیں لہذا وہ نئی دہلی میں اے کے انتونی کی زیر قیادت تادیبی کارروائی کمیٹی سے رجوع ہوئے اور اپنے موقف کی وضاحت کی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سروے ست نارائنا نے کہا کہ انہوں نے جائزہ اجلاس کے واقعات کی تفصیلات بیان کی۔ ان کے مطابق کمیٹی کے ارکان نے سوال کیا کہ کس لئے انہیں معطل کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے ان سے کہا کہ فکر کی کوئی بات نہیں، وہ تحریری طور پر اپنی درخواست پیش کریں۔ سابق مرکزی وزیر نے پھر ایک مرتبہ اتم کمار ریڈی اور کانگریس کے انچارج کنتیا پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں قائدین کے سبب پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی کو انہیں معطل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے پردیش کانگریس کی صدارت سے اتم کمار ریڈی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ سروے ست نارائنا نے کہا کہ نئے صدر کی قیادت میں تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سونیا گاندھی خاندان کے وفادار تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔