سعودی عرب میں ہندوستانیوں کا راست داخلہ بدستور بند

   

ریاض ؍ نئی دہلی : حکومت سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافرین کے لئے خوشخبری والی تبدیلی میں یکم اگسٹ کو اعلان کیا تھا کہ پوری طرح ویکسین لے چکے مسافرین مملکت میں راست طور پر داخل ہوسکتے ہیں لیکن اُنھیں 7 یوم کورنٹائن رہنا پڑے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے شہریوں کے لئے سعودی عرب میں راست داخلہ ہنوز بند ہے۔ ان کے علاوہ لبنان، مصر، انڈونیشیا، یو اے ای کے شہری بھی ہنوز سعودی عرب میں راست داخل نہیں ہوسکتے ہیں۔ ان کے لئے متبادل یہ ہے کہ وہ کسی تیسرے ملک میں 15 یوم گزاریں اور اُس کے بعد سعودی عرب کے سفر کا ارادہ کریں۔ کورونا پابندیوں سے جن ملکوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے اُن میں فلپائن، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،کویت، بحران، عمان، اردن، سوڈان، تنزانیہ، نائجیریا و دیگر شامل ہیں۔ اِن تمام ملکوں کے شہری سعودی عرب میں راست داخل ہوسکتے ہیں جس کے لئے وہ زیادہ تر اپنے ملکوں کی ایئرلائن کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ سعودی سلطنت میں داخلہ کے بعد اُنھیں 7 روزہ قرنطینہ سے گزرنا ہوگا اور کورنٹائن کے پانچویں روز اُنھیں کوویڈ پی سی آر ٹسٹ کرانے کی اجازت دی جائے گی۔