سعودی عرب نے ارجنٹائن کو 2-1 ہرایا

,

   

دوحہ: کرکٹ کی طرح فٹ بال کے فیفا ورلڈکپ 2022 میں بھی پہلا اور بہت بڑا اپ سٹ ہوگیا، جہاں کمزور سمجھی جانے والی ٹیم سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ذلت آمیز شکست دی۔ قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے اس میچ میں ارجنٹینا کو 10ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان میسی نے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ میچ کے پہلے ہاف کا اختتام جنوبی امریکی ٹیم کی برتری کے ساتھ ہوا۔ تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کے دفاع کوچاروں خانے چت کردیا۔پہلے 48 ویں منٹ میں صالح الشھری کے گول کی مدد سے اسکور 1-1 سے برابر ہوا پھر صرف 5 منٹ کے فرق کے بعد سالم محمد الدوسری کے گول کی مدد سے 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد میسی الیون نے میچ میں سعودی عرب کی برتری ختم کرنے کے لیے اس کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے ،لیکن ان کی کوششیں ناکام رہیں،اور 1-2 کے اسکور کے ساتھ ہی اس میچ کا اختتام ہوگیا۔خیال رہے کہ یہ سعودی عرب اور ارجنٹینا کا ورلڈکپ میں پہلا مقابلہ تھا۔ جبکہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 4 میچز میں سے 2 میں ارجنٹینا کامیاب رہا، جبکہ دو برابر رہے تھے۔