سعودی عرب کی سیکوریٹی میں مدد کرنے عمران خاں کا عہد

   

اسلام آباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خاں نے عہد کیا کہ وہ کسی بھی دہشت گرد حملہ کے خلاف سعودی عرب کی تائید کریں گے ۔ انہوں نے سعودی عرب کی سیکوریٹی کو لاحق کسی بھی خطرہ کی صورت میں سعودی عرب کی حمایت کریں گے ۔ حکومت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خاں نے سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر بات کی ۔ ایران کے اتحادی حوثی قبائلیوں کی جانب سے تیل تنصیبات پر کئے گئے حملہ کے بعد پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی پیشکش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف سبوتاج کی کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ سعودی عرب کے تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد عالمی معیشت کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ عمران خاں نے محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے ہند۔پاک کشیدگی کے بعد بات کی تھی اور جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کو ہٹالئے جانے کے بعد بھی بات کی تھی۔