سعودی کا ہندوستان کو معمول کے مطابق تیل سربراہی کا تیقن

,

   

ریاض ؍ نئی دہلی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نئے وزیرتیل پرنس عبدالعزیز بن سلمان نے ہندوستان کو تیقن دیا ہیکہ سعودی کی جانب سے ہندوستان کو جتنی مقدار میں تیل سربراہ کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، وہ ہر حالت میں سربراہ کیا جائے گا کیونکہ مملکت میں جاریہ ماہ کے اواخر تک تیل کی پیداوار کو ایک بار پھر پرانی سطح پر لایا جائے گا یعنی تیل تنصیبات پر ڈرونز حملوں سے قبل کی سطح پر ہندوستان کے وزیرپٹرولیم دھرمیندر پردھان نے یہ بات کہی۔ جمعرات کو انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب سے فون پر بات چیت کی تھی جہاں سعودی کی جانب سے ہندوستان کو تیل سربراہی کی تفصیلات سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ یاد رہیکہ ڈرونز حملوں میں تیل تنصیبات سے 5 ملین بیارلس یومیہ تیل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اس موقع پر دھرمیندر پردھان نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی پٹرولیم وزیر پرنس عبدالعزیز سے انہوں نے بات چیت کی ہے۔ ان کی تقرری کے فوری بعد میں پرنس عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کی تھی۔ انہوں نے مجھے تیقن دیا ہیکہ ہندوستان کو تیل اور ایل پی جی کی سربراہی بدستور جاری رہے گی۔