سندھواور سائنا فرنچ اوپن میں بہترمظاہرہ کیلئے پرعزم7.50 لاکھ انعامی رقم کے ٹورنمنٹ کا آج آغاز

,

   

پیرس ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن پی وی سندھو 7.50 لاکھ انعامی رقم کے فرنچ اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں اپنے ناقص مظاہروں کے سلسلہ کو ختم کرنے کی خواہاں ہے جیسا کہ مذکورہ ٹورنمنٹ کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے۔ سندھو جنہوں نے ماہ اگست میں اپنا پہلا عالمی چمپئن شپ خطاب حاصل کیا ہے لیکن اس کے بعد وہ بہترین فام میں نظر نہیں آرہی ہے اور متواتر 3 ٹورنمنٹس میں انہیں دوسرے ہی مرحلہ میں ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ عالمی خطاب جیتنے کے بعد سندھو کو گذشتہ ماہ چائنا اوپن اور کوریا اوپن میں بالترتیب دوسرے اور پہلے مرحلہ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ گذشتہ ہفتہ منعقدہ ڈنمارک اوپن میں کھیلے گئے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں انہیں مقامی کھلاڑی آن سی یانگ کے خلاف راست گیمس میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی سندھو متواتر تین ٹورنمنٹس میں دوسرے مرحلہ کو بھی عبور نہ کرنے کے سلسلہ میں فرنچ اوپن میں ختم کرنے کی خواہاں ہے۔ ٹورنمنٹ میں سندھو کو پانچویں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہے اور انہوں نے 2017ء میں یہاں سیمی فائنل بھی کھیلا تھا۔ پہلے مرحلہ میں کینیڈا کی عالمی نمبر ایک مائیکل لی کے خلاف میدان سنبھالنا ہے اور یہ مقابلہ ان کیلئے آسان نہیں ہوگا جیسا کہ سندھو کو گذشتہ دو مرتبہ لی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ سندھو اگر پہلا مرحلہ گول کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہے تو اگلے مرحلہ میں انہیں چینی تائی پائی کی حریف کھلاڑی ٹائی ژو ینگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں عالمی نمبر 8 سائنا نہوال جو خود بھی ناقص فام کی وجہ سے پریشان ہے، انہیں بھی گذشتہ تین ٹورنمنٹس میں پہلے ہی مرحلہ میں شکست کھانے کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ 29 سالہ سائنا جنہوں نے 2012ء میں فائنل میں شکست برداشت کی تھی، اب انہیں پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں ہانگ کانگ کی چوانگ گان یی کا سامنا ہوگا۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں 2017ء کے چمپئن کڈمبی سریکانت جو خود بھی حالیہ ناقص مظاہروں کو پس پشت ڈالنے کے خواہاں ہے انہیں پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں سخت حریف چینی تائی پائی چو پیان چن کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کامن ویلتھ گیمس کے سابق چمپئن پروپلی کیشپ جنہوں نے انڈیا اوپن اور کوریا اوپن کے سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کی ہے، وہ گذشتہ ہفتہ ڈنمارک میں پہلے مرحلہ کی شکست کو بھلانے کے خواہاں ہے اور انہیں پہلے مرحلہ میں ہانگ کانگ کے کالانگ انگس کا سامنا کرنا پڑے گا۔