سنگین نتائج کے انتباہ پر پائلٹ کی رہائی : مودی کا ادعا

,

   

پٹن۔21اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ انہوں نے پاکستان کو پائیلٹ کی عدم واپسی پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا تھا ۔ گجرات کے علاقہ پٹن میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت قومی سلامتی کی پابند ہے اور وزیراعظم خود پر حملہ برداشت کرسکتے ہیں لیکن ملک پر کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا ، چاہے وہ برقرار رہیںیا نہ رہیں ۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے این سی پی قائد شرت پوار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ان کے آئندہاقدام کا اندازہ نہیں لگاسکتے تو وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ارادوں کو کیسے پھانپ سکتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی آبائی ریاست میں جہاں منگل کے دن رائے دہی مقرر ہے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوتا تو رائے دہی سے رائے شماری تک یہ موضوع گفتگو بنا رہتا ۔ بالاکوٹ میں فضائی حملہ کے بعد جو پاکستان کے ہندوستانی سرزمین پر دہشت گرد حملہ کے بعد کیا گیا تھا ، انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو اگر واپس نہ کیا جاتا تو وہ پڑوسی ملک کے سنگین نتائج کا حامل بنتا ۔ انہوں نے کہا کہ ابھینندن کے پکڑے جانے کے بعد اپوزیشن نے انہیں اپنا پائیلٹ قرار دینا شروع کیا تھا ۔ دنیا بھر کو کہا جارہا تھا کہ مودی نے ہمارے لئے کیا کیا ہے ۔ ایک امریکی عہدیدار نے حملے کے دوسرے دن کہا تھا کہ مودی نے دو میزائل تیار رکھے ہیں اور اگر حالت ابتر ہوجائے تو حملہ ممکن ہے ، لیکن پاکستان نے پائیلٹ واپس کردیا ۔ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو یہ قتل کی رات ثابت ہوتی ۔ وزیراعظم نے راجستھان کے علاقہ چتوڑگڑھ میں بھی انتخابی جلسہ سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہندوستان کی تعمیر پہلی بار رائے دہندوں کے اعتماد جیتنے کے نتیجہ میں نہیں ہوسکتی ۔ ملک کو یقین ہے کہ مودی روادار ہے اور خود پر حملے برداشت کرسکتا ہے لیکن ملک کے سیاسی مستقبل پر حملے برداشت نہیں کرتا ۔ انہوں نے کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو ایسی حالت میں لاکر کھڑا کیا ہے ۔ کانگریس نے تین بار نامور خاندان کو موقع دیا لیکن اس کے کرپشن اور جھوٹے تیقنات کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا ۔