سونیا گاندھی متحرک، سرکردہ کانگریس قائدین کیساتھ میٹنگ

,

   

نئی دہلی ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قیادت ہفتہ کو یکجا ہوئی جہاں سونیا گاندھی نے تشکیل حکومت کیلئے پارٹی کی حکمت عملی کو طے کرنے میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ ذرائع نے کہا کہ سونیا گاندھی، سربراہ پارٹی راہول گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی قیادت میں کانگریس قائدین نے احمد پٹیل، اے کے انٹونی اور دیگر کے ساتھ غوروخوض کیا جبکہ انھیں ممکنہ طور پر معلق پارلیمنٹ کا سامنا ہے۔ کانگریس کوئی کسر باقی رکھنا نہیں چاہتی اور تشکیل حکومت کا موقع محسوس کررہی ہے، کیونکہ اس نے آئندہ حکومت بنانے کیلئے اپنی دعوے داری پیش کرنے کی سرگرمی میں شدت پیدا کرچکی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ صدر کانگریس راہول نے ووٹوں کی گنتی سے ایک روز قبل 22 مئی کو سینئر پارٹی قائدین کی ایک اور میٹنگ طلب کی ہے۔ اعلیٰ پارٹی قائدین بھی دیگر غیراین ڈی اے پارٹیوں کے ساتھ بات چیت شروع کرچکے ہیں جو UPA-3 کی تشکیل کیلئے مشترکہ اتحاد کے تحت سب کو یکجا کرنے کی کوشش ہے۔ آج سونیا گاندھی نے اپنی قیامگاہ پر سرکردہ پارٹی قائدین کی میٹنگ منعقد کی، اس سے کانگریس کو امید ہوچلی ہے کہ این ڈی اے کو اکثریت کے حصول میں ناکامی پر بی جے پی اور نریندر مودی کو اقتدار سے دور رکھا جاسکے گا۔ راہول نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی۔