سونیا گاندھی کانگریس میں تنظیمی ردوبدل کیساتھ ایک نئی جان ڈالیں گی

   

عبوری صدر سے پرینکا گاندھی وڈرا کی خدمات سے استفادہ کی درخواست : ششی دھر ریڈی

حیدرآباد۔ 11 اگست (پی ٹی آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر مری ششی دھر ریڈی نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی باہمی مشاورت و تال میل کے ذریعہ مکمل تنظیمی تبدیلیوں کے ذریعہ جماعت کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کریں گی۔ ششی دھر ریڈی نے جو تلنگانہ اسمبلی کے سابق رکن ہیں، سونیا گاندھی سے درخواست کی کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پرینکا گاندھی وڈرا کی خدمات سے بھرپور استفادہ کریں۔ کانگریس کے تقریباً تمام قائدین اور کارکنوں نے سونیا گاندھی کو عبوری صدر بنانے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے متفقہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مئی کے دوران پارٹی کی صدارت سے استفادہ دے دیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس کے قائدین اور کارکنوں میں الجھن و مایوسی پیدا ہوگئی تھی لیکن سونیا گاندھی کو عبوری صدر مقرر کئے جانے کے بعد جوش و خروش بحال ہوگیا ہے۔ ششی دھر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’اب یہ کیڈر پر منحصر ہے کہ وہ ہمیں درپیش چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پارٹی کو مزید موثر بنائیں‘۔ سی ڈبلیو سی نے ہفتہ کو ایک متفقہ قرارداد کے ذریعہ سونیا گاندھی کو آئندہ باضابطہ صدر کے انتخاب تک عبوری سربراہ کی حیثیت سے منتخب کیا تھا۔ سی ڈبلیو سی نے قبل ازیں 25 مئی کو راہول گاندھی کا مکتوب استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے ان سے پارٹی میں ہر سطح پر تبدیلی کرنے اور اس میں ایک نئی جان ڈالنے کی درخواست کی تھی۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ سونیا گاندھی کانگریس کو موجودہ حالات سے باہر نکالیں گی اور سی ڈبلیو سی کی قرارداد کے مطابق پارٹی میں ہر سطح پر ایک نئی جان ڈالیں گی‘۔