سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے شادیوں کا سیزن متاثر

   

حیدرآباد میں فی 10 گرام قیمت 60 ہزار سے متجاوز
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) شادیوں کے سیزن کے دوران سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے نتیجہ میں عوام کو اضافی بوجھ کا سامنا ہے۔ حالیہ عرصہ میں سونے کی قیمت میں بتدریج اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد میں آج 24 کیریٹ سونے کی قیمت 60320 فی 10 گرام درج کی گئی اور 1630 روپئے کا اضافہ درج ہوا ہے۔ 22 کیریٹ سونے کی قیمت میں 1500 روپئے کا اضافہ ہوا اور 10 گرام سونے کی قیمت 55300 درج کی گئی ہے۔ سونے کے علاوہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ ایک کیلو چاندی کی قیمت 74400 روپئے درج کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ان دنوں شادیوں کا سیزن ہے اور ایسے میں سونے کی قیمت میں اضافہ سے غریب و متوسط خاندانوں کو اضافی بوجھ کا سامنا ہے۔ شادی بیاہ کے موقع پر لڑکی والوں کیلئے سونے کی خریدی کسی امتحان سے کم نہیں ہے انہیں بہر صورت اپنی لڑکی کیلئے سونا خریدنا ہی ہوتا ہے۔ مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم طبقات میں شادیوں کیلئے یہ اچھے دن تصور کئے جاتے ہیں۔ رمضان المبارک کے پیش نظر بھی سونے کی قیمت میں اضافہ عوام کیلئے زحمت کا باعث ہے۔ گذشتہ تقریباً ایک سال سے سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ کا رجحان ہے۔ر