سویڈن کے شاہی جوڑے نے جامع مسجد کا مشاہدہ کیا

,

   

صدرجمہوریہ ،وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقات ، باہمی امور پر بات چیت

نئی دہلی ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سویڈن کے شاہ کنگ کارل گستاف اور ان کی ملکہ سلویا ہندوستان کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں۔ آج انہوں نے دہلی کی تاریخی جامع مسجد اور لال قلعہ کا مشاہدہ کیا۔ سویڈن کے سفاتخانہ کے ٹوئیٹ میں بتایا گیا کہ نائب شاہی امام سید شبان بخاری اور تاریخ داں سہیل ہاشمی نے شاہی جوڑے کو جامع مسجد کی تاریخ اور دیگر امور سے واقف کروایا جس کا ہندوستان کی بڑی مساجد میں شمار ہوتا ہے۔ سویڈن کے شاہ کا یہ ہندوستان کا تیسرا دورہ ہے جو ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کی قیادت بھی کررہے ہیں۔ شاہی جوڑے نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ آج صبح آمد پر سویڈن کے شاہی جوڑے کا راشٹرپتی بھون میں شاندار استقبال کیا گیا۔ بعدازاں وفدکی سطح پر مذاکرات حیدرآباد ہاؤز میں منعقد ہوئے۔ وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے بھی شاہی جوڑے سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ قبل ازیں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے بھی بات چیت ہوئی۔ شاہی جوڑے کے ایئر کرافٹ میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے بعد انہوں نے اسٹاک ہوم سے نئی دہلی کا سفر ایئرانڈیا کی کمرشیل فلائیٹ میں کیا۔