سچ ظاہر ہوہی جاتا ہے ، بی بی سی ڈاکومنٹری پر راہول کا ردعمل

   

جموں : راہول گاندھی نے گجرات فسادات 2002 ء کے تعلق سے بی بی سی ڈاکومنٹری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوکر رہتا ہے اور اسے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ دبایا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے تیکھا ریمارک کیا کہ صحافت پر پابندیاں لگانے اور ای ڈی اور سی بی آئی جیسے اداروں کو استعمال کرنے کے باوجود سچ کو ہمیشہ پوشیدہ نہیں رکھا جاسکتا ، وہ ظاہر ہو ہی جاتا ہے ۔ لوگ چاہے جتنی کوشش کرلیں سچائی ظاہر ہوکر رہتی ہے ۔ مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نے کئی یوٹیوب ویڈیوز کو عوام کیلئے روک دینے کی ہدایات جاری کئے ہیں ۔ یہ ایسے ویڈیوز ہیں جنہوں نے بی بی سی ڈاکومنٹری ’’ انڈیا : دی مودی کوئسچن ‘‘ کا پہلا ایپی سوڈ نشر کیا ۔ معتبر ذرائع کے مطابق ٹوئٹر کو بھی احکام جاری کئے گئے کہ ایسے زائد از 50 ٹوئٹس کو بلاک کیا جائے جن میں متعلقہ یو ٹیوب ویڈیوز کے لنک شامل ہیں ۔ یہ ہدایات بتایا گیا کہ معتمد ، مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات میں جمعہ کو جاری کئے اور اس سلسلہ میں آئی ٹی قواعد 2021 ء کے تحت حاصل ہنگامی اختیارات کو بروئے کار لایا گیا ۔ یو ٹیوب اور ٹوئٹر دونوں نے مرکزی ہدایات کی تعمیل کی ہے ۔