سڑک حادثات میں چھ افراد بشمول باپ اور بیٹا ہلاک

   

حیدرآباد /11 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد بشمول باپ اور بیٹا ہلاک ہوگئے ۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 16 سالہ شیخ امام اللہ اور 46 سالہ شیخ نوراللہ جو بورا بنڈہ علاقہ کے ساکن تھے ایک موٹر سائیکل پر کل رات مادھاپور کے علاقہ سے گذر رہے تھے کہ ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر دونوں شدید زخمی ہوگئے اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئے ۔ نورا للہ خانگی الیکٹریشن بتایا گیا ہے ۔ جبکہ ان کا فرزند امام اللہ طالب علم تھا ۔ نور اللہ اپنے فرزند کو بھی الیکٹریشن کے کام پر لے جایا کرتے تھے کل رات دونوں ایک ہی موٹر سائیکل پر واپس ہو رہے تھے کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگئے ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 45 سالہ عظمت علی جو پیشہ سے خانگی اسکول ٹیچر بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص گذشتہ ہفتہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدیدزخمی حالت میں یہ شخص علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 20 سالہ سائی پرساد جو پیشہ سے لیاب ٹیکنیشن بتایا گیا ہے ۔ شاہ میر پیٹ کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل رات یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور یہ نوجوان اس حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق 70 سالہ لکشمن جو ریڈی کالونی علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ اشوین کرشن جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ چندا نگر علاقہ کا ساکن اور کیسرا کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص دو لڑکیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا اور چندا نگر علاقہ سے گذر رہا تھا کہ موٹر سائیکل روڈ ڈیوائڈر سے ٹکراکر حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس حادثہ میں اشوین برسر موقع ہلاک اور ساتھی لڑکیاں زخمی بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔