سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں برقی بحال نہیں کی گئی

   

مزید ایک ہفتہ درکار ہونے کا امکان ، چیف منسٹر کی ہدایت نظر انداز
حیدرآباد۔ شہر کے سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں میں اب بھی برقی بحال نہیں کی جا سکی ہے اور کئی علاقوں میں اب تک انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولتوں کو بحال کرنے کے اقدامات کو ممکن بنانے میں متعلقہ محکمہ جات اور ادارے ناکام رہے ہیں۔ حافظ بابا نگر‘ الجبیل کالونی ‘ دلسکھ نگر ‘ ندیم کالونی ‘ وراثت نگر کے بعض حصوں میں برقی سربراہی کو اب تک بھی ممکن بنانے کے اقدامات نہیں کئے جا سکے ہیں اور کہاجا رہاہے کہ جاریہ ہفتہ کے دوران ان علاقوں میں برقی سربراہی ممکن نہیں ہوگی بلکہ آئندہ ہفتہ کے وسط میں ہی ان علاقوں میں برقی سربراہی کو مکمل طور پر بحال کیا جاسکے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ برقی کے اعلی عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر برقی سربراہی کو بحال کرنے کے اقدامات کی تاکید کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود بھی اب تک شہر حیدرآباد کے سیلاب سے متاثرہ کئی علاقہ ایسے ہیں جہاں برقی سربراہی کو بحال نہیں کیا جاسکا ہے اور کہاجا رہاہے کہ برقی ٹرانسفارمرس کی تنصیب اور نئے برقی تاروں و کھمبوں کے ذریعہ برقی سربراہی میں مزید وقت درکار ہوگا۔ دونوں شہروںکے کئی علاقو ںمیں جہاں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا ان علاقو ںمیں محکمہ برقی کی جانب سے پانی کے مکمل اخراج کے بعد ہی مرمتی کاموں کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیلاب سے متاثرہ علاقو ںمیں فوری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی تھیں جس پر ٹرانسکو اور جینکو نے اندرون ایک ہفتہ برقی سربراہی بحال کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا ۔جن علاقو ںمیں برقی سربراہی کو بحال نہیں کیا جاسکا ہے ان علاقوں میں مواصلاتی نظام کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ خدمات بھی معطل ہیں اور سیلاب سے متاثرہ الجبیل کالونی میں ہونے والی تباہی کے سبب انٹرنیٹ خدمات جو مفلوج ہیں اس کے اثرات فلک نما‘ جہاں نما اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کئے جا رہے ہیں ۔ بی ایس این ایل کی جانب سے انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کے سلسلہ میں استفسار پر کہا جا رہاہے کہ جب تک انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مرمتی کاموں کو مکمل نہیں کیاجاتا اس وقت تک انٹرنیٹ خدمات میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرنا انتہائی مشکل ہوگا جبکہ موبائیل خدمات کے علاوہ لینڈ لائن کی خدمات سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بری طرح سے متاثر ہیں اور ان اداروں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ جب تک برقی بحالی کو یقینی نہیں بنایا جاتا اس وقت تک ان خدمات کو بحال کرنا ممکن نہیں ہے۔