سیلاب کی صورتحال :وزیرا عظم نے ممتا بنرجی سے فون پر بات کی

,

   

حکومت مغربی بنگال کو اطلاع دیئے بغیر پانی چھوڑنے سے نقصان ہوا :چیف منسٹر
کولکاتا: چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ہوڑہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے سے قبل وزیرا عظم نریندر مودی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے شکایت کی کہ ریاست کو بتائے بغیر ڈی وی سی پانی چھوڑنے کی وجہ سے ریاست میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو ئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ممتا بنرجی کو فون کرکے سیلاب کی صورت حال سے متعلق بات چیت کی ۔ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم سے کہا کہ ڈی وی سی ذخائرآب کی باضابطہ صفائی نہیں کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم سے شکایت کی کہ آبی ذخائر میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش کم ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نے ممتا بنرجی سے فون پر بات کی ہے ۔ ٹویٹ کے مطابق دونوں نے ڈیم سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے ریاست میں پیداشدہ سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرا عظم مودی نے ریاست میں اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فکر ہے۔ وزیر اعظم سے فون پر بات کرنے کے بعد چیف منسٹر ممتا بنرجی نے اموٹا ، ہوڑہ کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہاں سے انھوں نے اودے نارائن پور کا دورہ بھی کیا۔ قبل ازیں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ممتا بنرجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھا نا کول اور ہوڑہ میں سیلاب کی صورتحال کا معائنہ کریں گی۔ لیکن آفت سماوی کی وجہ سے وہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے بعد چیف منسٹر سڑک کے راستے آمتا پہنچیں ۔ریاستی حکومت نے بارہا شکایت کی ہے کہ ہوڑہ ، ہگلی اور مغربی مدنا پور کے بڑے حصوں میں سیلاب اس لئے آیا ہے کہ ڈی وی سی نے اُن کو بتائے بغیر پانی چھوڑا ہے۔ اس سے قبل بھی ممتا برجی اور ریاستی حکومت نے ڈی وی سی کے ذریعہ پانی چھوڑے جانے پر شکایت کی تھی۔