سیلاب کے 3 لاکھ متاثرین میں 300 کروڑ روپئے کی امداد تقسیم

,

   

10 دن میں خصوصی مہم کے ذریعہ ملبہ کے صفائی کی ہدایت ، حسین ساگر کا جائزہ لینے کمیٹی تشکیل : کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر حیدرآباد میں 10 دن خصوصی مہم چلاتے ہوئے سیلاب و بارش کی وجہ سے جو کچرا پھیلا ہوا ہے اس کی صفائی کرے اور جو سڑکیں ناکارہ ہوئی ہیں اس کی جنگی خطوط پر مرمت کرے ۔ کے ٹی آر نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں سیلاب کی وجہ سے 4 لاکھ خاندان متاثر ہوئے ہیں ہر فیملی کو 10 لاکھ روپئے کے لحاظ سے حکومت نے 400 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں تاحال 3 لاکھ متاثرہ خاندانوں میں 300 کروڑ روپئے کی امداد تقسیم کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی 37 ہزار راشن کٹس تقسیم کی گئی ہیں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ شہر حیدرآباد 1577 علاقے بارش و سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ۔ 230 کالونیاں اور بستیاں پانی میں ڈوب گئی ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ شہر حیدرآباد سے 5500 میٹرک ٹن کچرے کی صفائی کی جاتی ہے ۔ تاہم سیلاب کی وجہ سے روزانہ 10 ہزار میٹرک ٹن کچرے کی صفائی کی جارہی ہے ۔ گذشتہ چار دن میں 18 ہزار میٹرک ٹن کچرے کی صفائی کی گئی ۔

کچرے کی منتقلی کے لیے علحدہ طور پر 100 گاڑیوں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے ناکارہ سڑکوں اور فلائی اوورس کی جنگی خطوط پر مرمت کی جارہی ہے ۔ 52 کروڑ روپئے کے مصارف سے 99 کیلو میٹر تک لنک روڈس ، 83 کیلو میٹر سی آر ایم پی سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے ۔ سی سی روڈس کی مرمت کے لیے منظور کردہ 204 کروڑ میں 80 کروڑ روپئے کے مصارف سے فوری کاموں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی ۔ شہر حیدرآباد کے لیے تاج کے مانند حسین ساگر میں شامل ہونے والے نالوں کے بحالی کے لیے محکمہ آبرسانی کے انجینئران چیف کی قیادت میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ جس میں جی ایچ ایم سی ، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اور ایچ ایم ڈی اے کے چیف انجینئرس کو بحیثیت ارکان شامل کرتے ہوئے 15 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ حالیہ بارش سے گریٹر حیدرآباد کے 14 تالابوں کو نقصان پہونچا ، 6 تالابوں میں شگاف پڑ گیا ۔ جی ایچ ایم سی کو 41 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے اس کی مرمت کرنے کی ہدایت دی ۔ حمایت ساگر کے گیٹس کھولنے سے موسیٰ ندی میں جو کچرا جمع ہوا ہے ۔ اس کی صفائی کے لیے 10 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے نقصان پہونچنے والے اعظم پورہ برج کی تعمیراتی کاموں کے لیے 3 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے جنگی خطوط پر تعمیرات کرتے ہوئے پرانے شہر کے عوام کے جو مسائل ہیں اس کو فوری دور کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ٹینک بنڈ کے سرپلس نالہ کے کاموں کے لیے 68 کروڑ روپئے منظور کیا ۔۔