سی این جی کی تیاری کیلئے کوکٹ پلی میں بائیو گیس پلانٹ کا قیام HAL سے 4 کروڑ کی رقم منظور

   

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن آرگانک فضلہ کو سی این جی میں تبدیل کرنے کیلئے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ (HAL) کے اشتراک سے 20 ٹن صلاحیت کے بائیو گیس پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ کیتھلا پور کوکٹ پلی میں واقع ٹرانسفر اسٹیشن میں یہ پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ نے کارپوریٹ سوشیل ریسپانسبلیٹی (CSR) کے تحت پراجکٹ کو اسپانسر کیا ہے۔ تجویز کے مطابق کمپنی پلانٹ کے قیام پر 4 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرے گی جس میں 2022-23 میں 3 کروڑ جاری کئے جائیں گے جبکہ باقی ایک کروڑ 2023-24 میں جاری ہوں گے۔ HAL انتظامیہ نے 4 کروڑ کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی کی راست نگرانی میں پراجکٹ تعمیر کیا جائے گا۔ کیتھلا پور ٹرانسفر اسٹیشن میں روزانہ 200 تا 300 میٹرک ٹن بائیو فضلہ نکلتا ہے جس کے ذریعہ سی این جی کی تیاری میں مدد ملے گی۔ جی ایچ ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی اس تجویز پر عنقریب غور کرے گی۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ نے تیار ہونے والی سی این جی کو سوچھ آٹوز کو مفت سربراہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ اس سلسلہ میں یادداشت مفاہمت کا مسودہ جی ایچ ایم سی کو پیش کیا گیا۔ اس معاملہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی سے رجوع کیا گیا ہے۔ ر