شریعت محمدیؐ پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر فتح و کامرانی

   

انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس کے ضمن اجلاس، ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی
سید محمد شاہ ملتانی قادری، اقبال احمد رضوی کے خطابات

حیدرآباد ۔ 29 فبروری (راست) عصرحاضر میں امت مسلمہ کو سارے عالم میں جس طرح کے چیلنجس درپیش ہیں وہ اس بات کی طرف اشارہ ہیکہ آج مسلمانان عالم اسلام سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ آج مسلمان جہاں سیرت طیبہ اور فرائض اسلام کو فراموش کررہے ہیں وہیں باطل طاقتیں اپنا سر اٹھارہی ہیں۔ قوم مسلم یہ بھول چکی ہیکہ رب تعالیٰ نے فرمایا کہ تم وہ قوم ہو جو دوسروں کو نیکی کی طرف بلانے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہے لیکن آج دیکھا جارہا ہیکہ قوم مسلم برائیوں کو بڑے ہی آسان طرز پر اپنانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ جب تک مسلمان دین اسلام پر سختی سے عمل پیرا تھے اس وقت تک سارے عالم پر مسلمانوں کی حکومت کا جھنڈا لہراتا تھا۔ باطل اور فسطائی طاقتیں سرنگوں نظر آتی تھیں۔ جب کبھی کوئی فتنہ ظاہر ہوتا مسلمانان عالم کے رعب و دبدبے سے وہ فتنہ وہیں ختم ہوجاتا۔ اس کی اہم وجہ یہی تھی کہ مسلمانان عالم اسوۂ رسولؐ پر سختی سے عمل پیرا اور کاربند تھے۔ عشق رسولؐ ان کے قلب میں اس قدر جاگزیں تھا کہ انہیں کوئی بھی بڑی طاقت نہایت کمزور نظر آتی۔ جب بھی وہ کسی معرکہ کیلئے نکلتے تو رب تعالیٰ اپنے حبیبؐ کے صدقے ان کیلئے ہر مشکل کو آسان فرمادیتا۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام سلور جوبلی کے موقع پر انٹرنیشنل معراج کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ اجلاس قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ سے مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی نے کیا۔ صدارت محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) نے کی۔ سید محمد شاہ ملتانی قادری نے کہا کہ آج والدین کا اہم فریضہ ہیکہ وہ اپنی نسلوں کو اسلام کی تعلیمات کے ساتھ نبی پاکؐ، صحابہ کرام، اہلبیت اطہار کی سیرت طیبہ کا درس دیں تاکہ ان کے دلوں میں دنیا کی محبت جگہ نہ کرسکے۔ مولانا اقبال احمد رضوی نے کہا کہ آج مسلمان دنیاوی خواہشات، دولت و حشمت کی چاہت میں اس طرح مبتلاء ہوچکے ہیں کہ انہیں اپنے دین اور فرائض کو سمجھنے وقت تک نہیں ملتا۔ قرآن پاک میں حکم ہیکہ تم جب کبھی مشکل حالات سے گذرو تو نماز اور صبر سے مدد لیا کرو اور نبی کریمؐ کا فرمان ہیکہ نماز مؤمن کی معراج ہے۔ نماز برائیوں سے روکنے والی اور قرب خدا کا ذریعہ ہے۔ مولانا محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے ہر مسلمان فکرمند نظر آتا ہے لیکن مسلمان اپنے دین اور اپنی آخرت کی فکر کو بھول چکا ہے۔ لہٰذا آج ہمارے لئے لازم ہوچکا ہیکہ ہم اپنی اولاد کو دین سکھائیں اور مضبوط ایمان والا بنائیں۔ محمد شاہد اقبال قادری نے کہا کہ عالم اسلام کے مسلمانوں کے حالات آج ہمارے سامنے ہیں۔ ہر جگہ دشمنان اسلام اپنی ناپاک و مذموم کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ آج ہمیں اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ آج تمام علماء کرام، مشائخین عظام، دانشوران قوم و ملت مسلم معاشرہ کی اصلاح، اشاعت دین اور شریعت اسلامیہ کے تحفظ کیلئے اپنا فریضہ منصبی ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے زیراہتمام عظیم الشان فقیدالمثال انٹرنیشنل معراج کانفرنس 22 مارچ اتوار کو بعد نماز عشاء چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ نزد دبیرپورہ پر عمل میں آئے گا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے عالم اسلام کے عظیم اسلامک اسکالر کی ساوتھ افریقہ، کچھوچھہ شریف، نیپال سے شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں محمد عادل اشرفی، سید لئیق قادری، سید طاہر حسین، ملک ابراہیم علی خاں خالد، مولانا ممتاز اشرفی، محمد عظیم ایڈوکیٹ، محمد عمر قادری، محمد ادریس، محمد عمران خان رضوی، سید عرفان، محمد عظیم قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری اشرفی اور اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔