شفاء خانہ یونانی میں برقی بحالی کے اقدامات کا آغاز

   

محکمہ آیوش اور کلکٹریٹ کے عہدیداران کی فوری توجہ ، زیر زمین برقی سربراہی کے لیے فنڈس کی منظوری
حیدرآباد۔7نومبر(سیاست نیوز) چارمینار دواخانہ شفاء خانہ یونانی کے آؤٹ پیشنٹ بلاک میں برقی سربراہی کو بحال کرنے کے کاموں کا آغاز کردیا گیا۔ گذشتہ یوم 6نومبر کے روزنامہ سیاست میں آؤٹ پیشنٹ بلاک اور کالجس کے کلاسس میں برقی مسدودی کے سبب علاج و معالجہ اور تشخیص کے لئے موبائیل ٹارچ کے استعمال کی اطلاع شائع کی گئی تھی اور اس میں یہ بات بھی واضح کی گئی تھی کہ بی یوایم ایس اور ایم ڈی کے طلبہ کی کلاسس بھی تاریکی میں چلائی جا رہی ہیں اس اطلاع کے منظر عام پر آتے ہی محکمہ آیوش اور ضلع کلکٹریٹ کے عہدیدار فوری حرکت میں آگئے اور زیر زمین برقی سربراہی کے کاموں کی مرمت کا آج آغاز کردیا گیا ہے۔ اس خبر کے فوری بعد زیر زمین برقی سربراہی کے کامو ںکو انجام دینے کیلئے فنڈس کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے برقی بحال کرنے کے عمل کو شروع کردیا ہے۔دواخانہ کے انتظامیہ نے بتایا کہ برقی سربراہی میں خلل کے پیدا ہونے کی وجہ جاننے کے باوجود بجٹ موجود نہ ہونے کے سبب ڈاکٹرس‘ مریض اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئندہ اس طرح کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے سپرنٹنڈنٹ یا پرنسپل کے پاس مرمتی کاموں کیلئے معمولی ہی سہی بجٹ رکھے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ شفاء خانہ میں کسی بھی طرح کے کاموں کیلئے خواہ وہ چند ہزار کے ہی کیوں نہ ہوں انجام دہی کیلئے ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی منظوری لازمی ہوتی ہے جس کے سبب کوئی بھی کام فوری طور پر شروع نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی ضلع کلکٹر کی منظوری کے بغیر کسی کام کی انجام دہی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت کی جانب سے دواخانو ںمیں معیاری سہولتو ںکی فراہمی کیلئے جو اعلانات کئے جا رہے ہیں اس کے لئے دواخانہ میں کوئی فنڈ رکھا جانا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اس کا سپرنٹنڈنٹ اپنے طور پر داخلی کمیٹی سے مشاورت کے ذریعہ استعمال کرنے کے مجاز ہوں ۔روزنامہ سیاست میں خبر کی اشاعت کے فوری بعددواخانہ انتظامیہ نے حرکت میں آتے ہوئے ضلع کلکٹریٹ کو صورتحال سے مطلع کیا اور انہیں فوری فنڈس جاری کرنے کی خواہش کی گئی جس کے بعد آج شفاء خانہ یونانی نظامیہ طبی کالج میں برقی بحال کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ان کاموں کو اندرون 24گھنٹے مکمل کرلیا جائے گا اور 8 نومبر سے مذکورہ عمارت میں برقی بحال کردی جائے گی تاکہ کسی بھی ڈاکٹر یا مریض کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔