شمالی جرمنی میں شدید طوفان سے ریلوے خدمات مسدود

   

برلن ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی جرمنی کے متعدد علاقوں میں شدید طوفان اور ہواؤں کے تیز جھکڑوں کی وجہ سے ریل خدمات پیر کے روز مسدود کردی گئیں۔ برلن سے ہمبرگ اور ہینور تک طویل مسافت والی ٹرینوں کی خدمات کو مسدود کردیا گیا حالانکہ کچھ گھنٹوں بعد خدمات بحال کردی گئی تھیں لیکن اس سے قبل ہینور سے بریمین اور گوئٹنجین تک بھی ریل خدمات مسدود کردی گئی تھیں۔ پیر کے روز شمالی اور مشرقی جرمنی میں انتہائی تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ڈارٹمنڈ میں ریلوے لائن کے قریب ایک بڑے سے کھیت میں بھیڑوں کے ایک بڑے ریوڑ کو بچانے کیلئے بھی آتش فرو عملہ نے کشتیوں کا استعمال کیا کیونکہ بارش کی وجہ سے وہاں 2 میٹر پانی جمع ہوگیا تھا جس میں کئی بھیڑیں (مینڈھے) ہلاک ہوگئے تھے۔