شمس آباد کی مسجد خواجہ محمود میں نماز جمعہ کی ادائیگی ‘ سنگ بنیاد منسوخ

,

   

شامیانے لگا کر جائے نماز کا اہتمام ۔ سار اعلاقہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ۔ تمام راستوں کی ناکہ بندی
شمس آباد 5 اگسٹ ( محمود علی خان ) شمس آباد میونسپل میں گرین اوینیو میں مسجد خواجہ محمود کو یکم اگست کی رات تین بجے بلدیہ کی جانب سے شہید کردیا گیا تھا ۔ جس کے بعد تمام گوشوں سے مذمت کی گئی اور شمس آباد میں مسلمانوں نے احتجاجی ریالی نکالی ۔ مسجد کو دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ٹی آر ایس ، کانگریس ، مجلس و دیگر احتجاجی ریالی میں شریک ہوئے اور ریالی کو کامیاب بنایا ۔ سب سے پہلے امجد اللہ خان نے مسجد کا دورہ کرکے مسجد کی شہادت پر سخت مذمت کرتے ہوئے مسجد کو اسی مقام پر تعمیر کا مطالبہ کیا تھا ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے تین رکن کمیٹی تشکیل دی گئی اور سیاسی قائدین نے تمام تفصیلات سے واقف کروایا ۔ یادداشت پیش کی تھی اور کمیٹی رپورٹ کی بنیاد پر مسجد کی اراضی پر جمعہ نماز کی مشروط اجازت دی گئی ۔ 50 افراد نے آج جمعہ کی نماز ادا کی ۔ جمعہ کے پیش نظر شمس آباد پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا اور جگہ جگہ ناکہ بندی کی گئی ۔ شمس آباد میں داخلہ کے تمام راستوں پر پولیس تعینات تھی اور ہر شخص کو داخلہ سے روکا گیا ۔ کانگریس لیڈر راشد خان کو بھی شمس آباد میں داخلہ سے روکا گیا ۔ جمعہ کی نماز میں رکن اسمبلی کوثر محی الدین ، رحمت بیگ ،محمد جہانگیر خان ، میر طیب علی ، محمد عبدالشکور ، سید رفیع الدین قادری ، محمد تاج بابا ، محمد شمس الدین و دیگر نے شریک تھے ۔ نماز کے بعد مسجد کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھا جانے والا تھا لیکن آخری مرحلہ میں منسوخ کردیا گیا ۔ جمعہ کی صبح راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے دورہ کیا اور مسلمانوں کو مٹھائی کھلا کر مبارکباد پیش کی ۔ ان کے ہمراہ گنیش گپتا اور وینکٹیش گوڑ بھی موجود تھے ۔ پولیس نے شمس آباد میں داخلہ کے تمام راستوں کو بند کردیا تھا اور رپورٹرس کو داخلہ سے روک دیا اور صحافیوں کی ویڈیو گرافی بھی کی گئی ۔ میر طیب علی نے ٹی آر ایس ، کانگریس ، مجلس قائدین اور شمس آباد کے مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تمام کی محنت کی وجہ سے ہی نماز کی ادائیگی کی اجازت ممکن ہوئی ہے اور جلد تمام کاغذی کارروائی کی تکمیل کرکے مسجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ محمد جہانگیر خان کونسلر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی متحدہ کوشش کامیاب ہوئی اور جلد مسجد کی تعمیری کام کا آغاز کردیا جائے گا ۔ آج صبح سے ملبہ کی صفائی کے بعد اراضی کو مکمل صاف کرکے شامیانے اور جائے نماز ڈالے گئے اور نماز ادا کی گئی ۔ شمس آباد زون ڈی سی پی جگدیشور ریڈی کی نگرانی میں پولیس بندوبست کیا گیا ۔