شٹ ڈاون سے ملک تباہ ہوسکتا ہے : ٹرمپ

,

   

واشنگٹن 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ وہ چاہتے ہیںکہ امریکہ میں وسط اپریل تک کورونا وائرس لاک ڈاون میں نرمی دی جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل لاک ڈاون کی وجہ سے ملک تباہ ہوسکتا ہے ۔ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر لوگ ان سے اتفاق کرتے ہیں۔ ہمارا ملک بند ہونے کیلئے نہیں بنا ہے ۔ آپ کسی بھی ملک کو اس طرح بند کرتے ہوئے تباہ کردینگے ۔ میں چاہتا ہوں کہ ملک کھل جائے اور ایسٹر کیلئے تیاریاں شروع ہوجائیں ۔ امریکہ میں بھی سماجی دوریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور لوگ قرنطینہ میں جا رہے ہیں اس طرح دنیا کی سب سے بڑی معیشت اچانک ہی رک سی گئی ہے ۔ صحت کے ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ فی الحال کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے سماجی دوریاں اور احتیاط ہی واحد راستہ رہ گیا ہے ۔ اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہ وائرس بہت زیادہ تباہی مچاسکتا ہے ۔