شہر کے اطراف ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے چیف منسٹر سنجیدہ

,

   

اندرون ہفتہ ڈیجیٹل پراجکٹ رپورٹ کی تیاری ، کے چندر شیکھر راؤ کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد /11 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر کے اطراف موجود آوٹر رنگ روڈ کے بعد اب باوقار ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے کوششوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ 334 کیلومیٹر طویل اس ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے چیف منسٹر کافی سنجیدہ ہیںاور وہ راست طور پر ان کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی اس دلچسپی اور جائزہ اجلاس کے بعد کاموں میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عنقریب ریجنل رنگ روڈ کے متعلق ڈیجیٹل پراجکٹ رپورٹ کو اندرون ہفتہ تیار کرلیا جائے گا ۔ مرکز اور ریاست کے باہمی تعاون سے عمل میں لائے جارہے ۔اس منفرد پراجکٹ کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے غیر معمولی اہمیت دی جاری ہے اور چیف منسٹر کی راست شخصی دلچسپی اس پراجکٹ کو ایک وقار کے طور پر تصور کیا جارہا ہے ۔ اس وسیع پراجکٹ کیلئے پارلیمنٹ میں مملکتی وزیر نے بھی رضامندی ظاہر کردی ۔ تاہم ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کا معاوضہ مرکز کے ساتھ ساتھ ریاست بھی ادا کرے گی ۔ اس پراجکٹ کو شہر کی صورت گیری کو بدلنے اور ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل تصور کیا جارہا ہے دو مرحلوں میں تیار کی جانے والی ریجنل رنگ روڈ کا احاطہ 180 اور 154 کیلومیٹر کے تحت ہوگا اور اراضی کا حصول اور پراجکٹ کی تکمیل گرین فیلڈ کے ذریعہ بھی ہوگی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ میں اس ریجنل رنگ روڈ کے تعلق سے ڈیجیٹل پراجکٹ رپورٹ کو ایک ہفتہ میں تیار کرلیا گیا ہے ۔ دو مرحلوں کے تحت سنگاریڈی ، نرساپور ، توپران ، گجویل ، جگدیوپور ، بھونگیر ، چوٹپل ( تقریباً 154 کیلومیٹر ) چوٹ اُپل شادنگر ، کندی ( تقریباً 180 کیلومیٹر ) سڑک کو بین الاقوامی طرز پر تعمیر کیا جائے گا ۔ اس ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر سے شہر کیلئے ٹرافک کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور پڑوسی ریاستوں سے رابطہ آسان ہو جائے گا ۔ تاحال شادنگر تا توپران بھونگیر کے راستہ میں سڑک موجود ہے ۔ قبل اس کی توسیع اور ریجنل رنگ روڈ کے طرز پر تعمیر ہوگی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریجنل رنگ روڈ کے تحت توپران ، دولت آباد ، نرساپور ، شیوم پیٹ ، توپران ، گجویل ، جگدیوپر ، ترکاپلی ، بھونگیر ، پوچم پلی ، چوٹ اپل ، نارائن پور ، یاچارم ، کٹرتال ، کیشم پیٹ ، شادنگر ، کندرگ ، پرگی ، پوڈور ، چیوڑلہ ، شکرپلی کے ساتھ کندی سے گذرے گی ۔ اس کیلئے تقریباً 150 دیہاتوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ مجوزہ ریجنل رنگ روڈ تلنگانہ کے چار سابقہ اضلاع محبوب نگر ، نلگنڈہ ، سنگاریڈی ، میدک کے تقریباً 22 منڈلوں کے 150 دیہاتوں سے گذرے گی ۔ اس سلسلہ میں 4500 ہیکڑ یا 11,000 ایکڑ اراضی کو حاصل کی جائے گی ۔ جس پر 3000 کروڑ کے اخراجات کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ جس میں 1500 کروڑ حکومت تلنگانہ برداشت کرے گی ۔