شیخ محمد منیر انصاری کو ’’اسٹار آف یروشلم‘‘ ایوارڈ

,

   

یروشلم۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر فلسطین محمود عباس نے فلسطینی اتھاریٹی کی جانب سے کسی بھی غیر ملکی شخصیت کو دیئے جانے والے ’’اسٹار آف یروشلم‘‘ ایوارڈ ایک ہندوستانی شہری کو تفویض کیا جس کا نام شیخ محمد منیر انصاری بتایا گیا ہے۔ ایوارڈ ایک تقریب کے دوران مسٹر انصاری کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر محمود عباس نے مسٹر انصاری کا یروشلم اور فلسطین میں خدمات انجام دینے کے لیے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انصاری خاندان کی یروشلم کے پرانے شہر میں موجودگی ہندوستان اور فلسطین کے درمیان قدیم روایتی مستحکم تعلقات کی عکاس ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور فلسطین کے درمیان عوام سے عوام کے مستحکم تعلقات کی عکاس ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور فلسطین کے درمیان عوام سے عوام کے مستحکم تعلقات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی فلسطین کے وزیر اعظم بھی ہندوستان کا دورہ کریں گے تاکہ فلسطین اور ہندوستان کے درمیان سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ ہندوستان کے نمائندہ سنیل کمار جو اس وقت ایوارڈ تقریب میں موجود تھے، نے بھی ہند۔فلسطین تعلقات کو مستحکم کرنے میں انصاری خاندان کے رول کی ستائش کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ شیخ منیر انصاری یروشلم کے پرانے شہر کے ایک منفرد اور تاریخی مقام انڈین ہوسپائس کے ڈائرکٹر ہیں جو یروشلم میں ہندوستان کے 800 سالہ قدیم اثاثہ کی علامت ہے۔ 2011ء میں ہندوستان نے منیرانصاری کو پرواسی دیوس سمان سے نوازا تھا۔