صدام حسین کی پرتعیش کشتی سیاحوں کی توجہ کا مرکز

   

بغداد : امریکہ کی عراق میں فوجی مداخلت کو 20 برس ہونے کو ہیں۔ ایسے میں جہاں صدام حسین کی پرتعیش کشتی المنصور سیاحوں کے لیے تفریح کا مقام ہے وہیں یہ وقت کے ساتھ ساتھ زنگ آلودہ ہونے لگی ہے۔ المنصور جس کی لمبائی 396 فٹ ہے، اب تفریح کے لیے آئے عوام اور ماہی گیروں کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہے۔ ماہی گیر حسین صباحی نے خبر رساں ادارہ رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب یہ صدام حسین کی ملکیت تھی، اس کے نزدیک کوئی بھی نہیں آ سکتا تھا مگر آج اس کشتی کا ملبہ دریا میں تیر رہا ہے۔ حسین کے بقول میں یہ یقین نہیں کر سکتا کہ یہ کشتی جو صدام حسین کی ملکیت تھی آج اسے میں استعمال کر رہا ہوں۔ عراق پر حملے کے دوران صدام حسین نے اس کشتی کو محفوظ رکھنے کے لیے بصرہ کے نزدیک شط العرب کی پانی کی گزرگاہ کی جانب روانہ کرنے کے احکامات دیے تھے۔لیکن امریکی فورسز نے اسے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔ صدام حسین کی حکومت کے خاتمہ کے بعد اس کشتی کی قیمتی اشیا کو لوٹ لیا گیا تھا اور اس کے بعض حصے بھی اکھاڑ دیے گئے تھے۔