صہیونی خطرے کیخلاف مزاحمت پر مبنی حکمت عملی ترتیب دی جائے: ھنیہ

,

   

غزہ ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے صہیونی ریاست کے بڑھتے خطرے کی روک تھام کے لیے مسلح مزاحمت پرمبنی جامع حکمت عملی تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔”عالمی یوم القدس” کے موقعے پر ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بالعموم تمام ممالک بالخصوص فلسطینی قوم صہیونی خطرے کا سامنا کررہی ہے۔ صہیونیوں کے بڑھتے توسیع پسندانہ عزائم کی روک تھام کی عرب ممالک اور عالم اسلام پرمشتمل ایک جامع حکمت عملی وضع کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطینی قوم تاریخ کے ایک نئے موڑ میں داخل ہو چکی ہے۔ ہمارے قضیہ فلسطین اور ہماری مقدسات کو عالمی استعماری طاقتوں کی مدد سے پامال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونی خطرے کے انسداد کیلئے پوری مسلم امہ کو مسلح مزاحمت سمیت تمام دیگر اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے جامع حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ اسماعیل ھنیہ نے مشرق وسطیٰ میں صہیونی خطرے کے خلاف ایران کی کاوشوں کی ستائش کی۔