طلبہ کا زبردست احتجاجی دھرنا ، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

,

   

انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سکریٹری ڈاکٹر اشوک کی فوری معطلی پر زور ، وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کا پتلہ نذرآتش

حیدرآباد ۔22 اپریل ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ کے جوابی بیاضات ( جوابی پیپروں) کی جانچ میں مبینہ طور پر پائی جانے والی بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کے خلاف تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا کے میراہتمام ایل بی اسٹیڈیم کے روبرو واقع نظام کالج کے پاس بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کیا گیا اور احتجاجی طلبہ تنظیم قائدین نے انٹرمیڈیٹ امتحانی پرچوں کی جانچ میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کے واقعات کی اعلیٰ سطحی مکمل تحقیقات کروانے اور طلباء و طالبات کی جانب سے اپنے امتحانی پرچوں میں حاصل نشانات کی دوبارہ گنتی کروائے ۔ امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے و دیگر اغراض کیلئے مقررہ فیس رقم داخل کرنے سے استثنی دینے اور فری ( مفت) میں نشانات کی دوبارہ گنتی امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ اور امتحانی پرچوں کے بیاضات کی نقل متعلقہ طلباء و طالبات کے حوالہ کرنے کیلئے فی الفور عاجلانہ اقدامات کرنے کا ریاستی حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا اسٹوڈنٹس تنظیم نے تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سکریٹری ڈاکٹر اشوک کو خدمات سے فوری معطل کر کے تحقیقات کروانے کا پُرزور مطالبہ کیا اور نتائج کی اجرائی کے باعث جن طلباء و طالبات کو نقصان پہنچا ان کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ احتجاجی دھرنا پروگرام کے دوران ریاستی وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کا پتلہبھی نذرآتش کیا گیا ۔ اس کوشش کے دوران پولیس نے مداخلت کر کے طلبہ تنظیم کے قائدین کو حراست میں لے لیا ۔ اس موقع پر پولیس اور طلبہ تنظیم کے احتجاجی قائدین و طلبہ کے مابین زبردست ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔ اسی دوران تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا کے قائد کرشنا مادیگا نے سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک سے فی الفور عہدے سے استعفی دینے کا پُرزور مطالبہ کیا ۔