عبادتگاہیں ، مالس ، ہوٹلس ، دیگر ہاسپٹلیٹی سرویس 8 جون سے بحال

,

   

اب رات کا کرفیو 9 بجے سے صبح 5 بجے تک صرف 8 گھنٹے ۔ لاک ڈاؤن سے چھٹکارہ پانے کی مرحلہ وار کوشش
جولائی میں تعلیمی ادارے کھولنے پر غور ہوگا ۔ انٹرنیشنل ایر ٹراویل ، میٹرو ریل ، تھیٹرز ، بارس ، سویمنگ پولس لاک ڈاون 5.0 میں بدستور بند

ملک گیر کنٹنمنٹ زونس لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع
زونس کے تعین کیلئے ریاستوں کو زائد اختیارات : مرکزی حکومت

نئی دہلی ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کورونا وائرس کے سبب شروع کردہ ملک گیر لاک ڈاؤن کنٹنمنٹ زونس میں 30 جون تک جاری رہے گا لیکن کئی نرمیاں دی جارہی ہیں جن میں 8 جون سے مرحلہ وار انداز میں عبادت گاہیں اور شاپنگ مالس کھولنا شامل ہے ۔ حکومت نے رات کے کرفیو میں بھی نرمی کردی جو اب رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک صرف 8 گھنٹے کے لیے لاگو رہے گا ۔ اس دوران لوگوں کی نقل و حرکت اور غیر ضروری سرگرمیوں کی اجازت نہیں رہے گی ۔ قبل ازیں یہ اوقات شام 7 تا صبح 7 بجے تھے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی ہفتہ کو جاری کردہ کوویڈ ۔ 19 وباء سے نمٹنے کے سلسلے میں تازہ رہنمایانہ خطوط میں صراحت کردہ یہ نمایاں تبدیلی ہے ۔ ملک بھر کے کنٹنمنٹ زونس میں مرکزی حکومت کے تازہ احکام کے مطابق لاک ڈاون میں 30 جون تک توسیع دی گئی ہے ۔ مرکز نے کنٹنمنٹ زونس کے تعین کے لیے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو زائد اختیارات دئیے ہیں ۔ دہلی میں موجودہ طور پر 102 کنٹنمنٹ زونس ہیں ۔ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کی مرحلہ وار بحالی کی تفصیل پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے کہا کہ مذہبی مقامات کی سرگرمیاں ، ہوٹلوں ، ریسٹوران اور ضیافت کے دیگر مراکز نیز شاپنگ مالس 8 جون سے شروع کیے جاسکیں گے ۔ وزارت نے ہیلت منسٹری سے بھی کہا کہ دیگر وزارتوں ، محکمہ جات اور متعلقین سے مشاورت کے بعد ان شعبوں میں سرگرمیوں کو معیاری انداز میں چلائیں ۔ کوویڈ ۔ 19 کے پھیلاؤ کو قابو میں رکھنے سماجی و جسمانی فاصلے کو یقینی بنائیں ۔

دوسرے مرحلہ میں اسکولس اور کالجس کے بشمول تعلیمی اداروں کی کشادگی کے بارے میں جولائی میں ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے ساتھ مشاورت میں غور کیا جائے گا ۔ اس دوران ریاستیں اور علاقے ادارہ جاتی سطح پر والدین اور متعلقہ حکام کے ساتھ میٹنگس منعقد کریں گے ۔ اس کی اساس پر تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ جولائی میں کیا جائے گا ۔ بین الاقوامی فضائی سفر ، میٹرو ریل ، سنیما ہالس ، جمنازیمس ، سویمنگ پولس ، تفریحی پارکس ، تھیٹرس ، شراب خانے ، آڈیٹوریمس ، اسمبلی ہالس لاک ڈاؤن 5.0 تک بدستور بند رہیں گے ۔ اسی طرح سماجی ، سیاسی ، کھیل کود ، تفریح ، ثقافتی اور دیگر بڑے اجتماعات بشمول مذہبی بھی معطل رہیں گے ۔ ان کے بارے میں فیصلہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد تیسرے مرحلہ میں کیا جائے گا ۔ مرکزی حکومت نے کہا کہ کنٹنمنٹ زونس کے اندرون سماجی فاصلے کے قاعدے کی سختی سے تعمیل کرائی جائے گی اور صرف لازمی سرگرمیوں کی ہی اجازت رہے گی ۔ وزارت نے دہرایا کہ اندرون ریاست اور بین ریاست افراد یا اشیاء کی نقل و حرکت اور حمل و نقل پر کوئی تحدید عائد نہیں رہے گی اور اس طرح کے سفر کے لیے کوئی اضافی اجازت کی ضرورت نہ ہوگی ۔ اس کے باوجود اگر کوئی ریاست پابندی عائد کرنا چاہے تو اسے پیشگی اس کی تشہیر کرنا ہوگا ۔ وزارت نے مشورہ دیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر والے افراد ، مختلف عارضوں میں مبتلا مریض ، حاملہ خواتین اور 10 سال کی عمر سے کم والے بچے بدستور گھر پر رہیں ، سوائے اس کے کہ ناگزیر وجہ یا طبی مقصد کیلئے باہر جانا پڑے۔۔