عثمانیہ میڈیکل کالج کے پروفیسر کے بشمول 19 پی جی ڈاکٹرس کورونا سے متاثر

,

   

۔170 طلبہ کی رپورٹ کا انتظار، ڈاکٹرس کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کی شکایت
حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) کورونا وائرس نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے۔ تلنگانہ میں ڈاکٹرس کے متاثر ہونے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ عثمانیہ میڈیکل کالج میں آج 6 پی جی ڈاکٹرس اور ایک پروفیسر میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ تاحال 19 پی جی ڈاکٹرس میں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ کورونا کے واقعات میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پی جی میڈیکل طلبہ کو مکانات پر کورنٹائن کیا جارہا ہے۔ گاندھی میڈیکل کالج کے بعد عثمانیہ میڈیکل کالج کے پی جی ڈاکٹرس میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عثمانیہ میڈیکل کالج کے 19 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرس کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ ان میں 4 گائیناکالوجسٹ شامل ہیں۔ 170 پی جی طلبہ کے ٹسٹ کا نتیجہ ابھی آنا باقی ہے۔ پیٹلہ برج میٹرنٹی گورنمنٹ ہاسپٹل کے کینٹین ورکر میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد پی جی ڈاکٹرس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کینٹین ورکر بخار اور سردی کی شکایت کے باوجود کام پر رجوع ہوا تھا جس کے نتیجہ میں کینٹین کو آنے والے پی جی طلبہ کورونا کا شکار ہوئے۔ 29 مئی کو کینٹین کا ورکر کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد سے مختلف پی جی ڈاکٹرس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے لگیں۔ یہ ورکر فی الوقت گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ پی جی ڈاکٹرس کی شکایت ہے کہ کورونا ٹسٹ کے بارے میں انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائینس کو نظرانداز کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کیسس کی حقیقی تعداد منظر عام پر نہیں آرہی ہے۔ گائیڈ لائینس کے مطابق کسی بھی مشتبہ شخص میں کورونا کی ابتدائی علامات کے بعد 5 ویں اور 10 ویں دن ٹسٹ کیا جانا چاہئے لیکن اس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ طلبہ نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل میں آئیسولیشن وارڈ جنرل وارڈ کی طرح ہے۔ مشتبہ اور کورونا سے متاثرہ مریض دونوں وارڈ میں ایک دوسرے سے رابطے میں آسکتے ہیں جس کے نتیجہ میں کیسس کی تعداد میں اضافہ یقینی ہے۔ مریضوں کو انتہائی آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جانا چاہئے۔

گائیڈ لائینس کی خلاف ورزی کے نتیجہ میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی کورونا کا شکار ہورہا ہے۔ اسی دوران تلنگانہ جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر کے رمیش ریڈی سے ملاقات کی اور ہیلت کیر ورکرس کی باقاعدہ جانچ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر رمیش ریڈی سے خواہش کی گئی کہ پی جی ڈاکٹرس کو N-95 ماسک اور دیگر درکار حفاظتی آلات فراہم کئے جائیں۔ ہیلت کیر ورکرس جو ہاسپٹلس میں برسر خدمت ہیں، ان کا بروقت ٹسٹ کیا جائے۔ انہوں نے حاملہ ہیلت کیر ورکرس کو کووڈ۔19 کی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ریاست میں کورونا ٹسٹ کے بارے میں مرکزی حکومت نے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔