عصمت ریزی کے ملزم کا پتہ بتانے پر 10 لاکھ کا انعام

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر( سیاست نیوز) 6 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی و قتل کے واقعہ میں ملوث ملزم کی تلاش کیلئے پولیس نے لُک آؤٹ نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کا پتہ بتانے والے کو 10 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ 27 سالہ پی راجو جو عصمت ریزی و قتل میں ملوث ہے نے اس گھناؤنی حرکت کے بعد راہ فرار اختیار کرلی تھی اور پولیس نے اس کی تصویر اور ایک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کا ہنوز پتہ نہ چل سکا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم کا قد 5.9 فیٹ ہے، لمبے بال ہے اور وہ اکثر ہاتھ میں ربر بینڈ، سر پر کیاپ اور گلے میں اسکارف پہنا کرتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے دونوں ہاتھوں پر ’ مونیکا ‘ نام درج ہے اور وہ نشہ کا عادی ہے۔ راجو سڑکوں اور بس اسٹینڈز پر گذارا کرنے کا عادی ہے۔ پولیس نے راجو کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے نقد رقم کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی معلومات ہونے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون کے موبائیل نمبر 9490616366 یا ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس 9490616627 سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مفرور ملزم شہر کے مصافاتی علاقوں میں روپوش ہے اور اس کی تلاش کیلئے 15 سے زائد پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ پڑوس کے سائبر آباد و رچہ کنڈہ پولیس بھی اس کی گرفتاری کیلئے سرگرم ہے۔B