علیحدگی پسند لیڈر امرت پال سنگھ ہنوز مفرور

,

   

گرفتار6 ساتھیوں کی ڈبروگڑھ سنٹرل جیل منتقلی ‘پنجاب بھر میں پولیس کا فلیگ مارچ

نئی دہلی: پنجاب میں علیحدگی پسند سرگرمیوں کو ہوا دینے کی کوشش کرنے والے اور ’وارث پنجاب دے‘ کے لیڈر امرت پال سنگھ کو پولیس ریاست بھر میں تلاش کر رہی ہے تاہم وہ پولیس کی پہنچ سے دور ہے اور مفرور بتا یا گیا ہے۔ دریں اثنا، خالصتان تحریک کے لیڈر امرت پال سنگھ کے6 معاونین کو اتوار کے روز آسام کے ڈبروگڑھ لے جایا گیا۔ چاروں کو ڈبروگڑھ پہنچانے کے لئے ہندوستانی فضائیہ کے خصوصی طیارے کا استعمال کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر چاروں ملزمین کو ڈبروگڑھ سنٹرل جیل میں قید رکھا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق امرت پال سنگھ کے چار ساتھیوں کے ساتھ پنجاب پولیس کی ایک 27 رکنی ٹیم بھی ڈبروگڑھ کے لئے روانہ ہوئی، جن میں آئی جی جیل بھی شامل ہیں۔ امرت پال سنگھ کے معاونین کو آسام لے جانے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا اور پولیس فی الحال اس معاملہ پر کوئی اطلاع نہیں دینا چاہتی۔رپورٹ کے مطابق آئی جی پی اور آسام پولیس کے ترجمان پرسنا کمار بھویاں سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اس طرح کی کسی پیشرفت کی اطلاع نہیں ہے۔ ادھر، مفرور قرار دیئے جا چکے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے پولیس نے سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ پنجاب بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ عوامی سلامتی کے مفاد میں حکومت نے وائس کالز کے علاوہ ایس ایم ایس اور موبائل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کو پیر کی سہ پہر تک بڑھا دیا۔

سکھ تنظیموں کے احتجاج کے باوجود پنجاب میں ماحول پرامن
امرت پال سنگھ اور ان کے حامیوں کی رہائی کے بعد ہی احتجاج ختم کرنے مظاہرین پرعزم

جالندھر : پنجاب پولیس نے خالصتان حامی تنظیم وارث پنجاب دے کے خلاف ہفتہ کو ریاست گیر آپریشن شروع کیا، کچھ مقامات پر سکھ تنظیموں کے احتجاج کو چھوڑ کر ریاست میں امن و امان مکمل طور پر کنٹرول میں ہے ۔ پولیس کمشنر کلدیپ سنگھ چہل کی قیادت میں جالندھر پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے آج شہر میں فلیگ مارچ کیا۔ ضلع کے تمام انخلاء کے راستوں کی پولیس ناکہ بندی کرکے مکمل تلاشی لی جارہی ہے اور گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ امرت پال سنگھ پر پولیس کارروائی کے خلاف سکھ تنظیموں نے چار نمبر تھانے کے سامنے احتجاج کیا۔ اس کے علاوہ موہالی سمیت کچھ مقامات پر سکھ تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو جیسے ہی امرت پال پر پولیس کارروائی کی خبر پھیلی، سینکڑوں نہنگ سکھ تلواروں، نیزوں اور لاٹھیوں کے ساتھ سوہانہ کے سنگھ شہیدان گوردوارہ پہنچے اور پولیس اورعام آدمی پارٹی حکومت کیخلاف نعرے لگائے ۔ مسلح مظاہرین اور پولیس کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی، تاہم صورتحال بڑھ نہیں سکی۔ ہڑتال کے باعث بین الاقوامی ہوائی اڈے کو جانے والی سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دی گئی ہے جس سے لوگ متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ سینئر پولیس حکام نے مظاہرین سے کہا کہ وہ ناکہ بندی ہٹا دیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن مظاہرین ڈٹے رہے ۔ کچھ مظاہرین نے کہاکہ ‘‘امرت پال سنگھ اور ان کے حامیوں کی رہائی کے بعد ہی احتجاج ختم ہوگا۔’’ جیسے جیسے مظاہرین کی تعداد بڑھی پولیس نے بھی اپنی نفری بڑھا دی۔ موہالی۔چنڈی گڑھ سرحد کے قریب وائی پی ایس کراسنگ پر قومی انصاف مورچہ کے اراکین نے احتجاجی مارچ کیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے لوگوں کو میڈیا اور پولیس سے فون پر صورتحال کے بارے میں پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ دھرنے کی جگہوں پر تعینات نیم فوجی دستے میڈیا کو کوریج سے روک رہے ہیں۔ چنڈی گڑھ۔موہالی سرحد پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری تعیناتی ہے ۔ چنڈی گڑھ پولیس پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے اور اس نے موہالی بارڈر پر اپنی طرف سے مزید پولیس کو تعینات کیا ہے ۔ خبر لکھے جانے تک کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی خبر نہیں تھی۔جاری۔یواین آئی۔ خالصتان کی حامی تنظیم وارث پنجاب دے کے خلاف ہفتہ کو شروع کیے گئے آپریشن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 78 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، جب کہ متعدد افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے ۔ پولیس نے وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال کو مفرور قرار دے دیا ہے اور اس کی تلاش میں اتوار کو چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ اطلاعات دیتے ہوئے پنجاب پولیس کے ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کی سہ پہر پولیس نے ضلع جالندھر کے شاہ کوٹ۔ملسیاں روڈ پر وارث پنجاب دے سے تعلق رکھنے والے 7 افراد کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ امرت پال سنگھ سمیت کئی دوسرے مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ پولیس نے ریاست گیر آپریشن کے دوران اب تک نو ہتھیار برآمد کیے ہیں جن میں ایک .315 بور رائفل، سات 12 بور رائفل، ایک ریوالور اور مختلف کیلیبرز کے 373 زندہ کارتوس شامل ہیں۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ فوجداری جرائم میں ملوث تمام افراد کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور پولیس کو مطلوب تمام افراد اپنے آپ کو قانون کے کٹہرے میں لائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قانونی دفاع کے آئینی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ دریں اثنا، تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ جعلی خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ریاست میں صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے ۔ ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے کی شرارتی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس سے پہلے ہفتہ کو پورے دن امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی خبریں چل رہی تھیں لیکن اب تک کسی بڑے عہدیدار نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے ۔