عمران خان کی امریکہ آمد۔ آج ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات

,

   

واشنگٹن 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اپنے اولین دورہ امریکہ پر یہاں پہونچ گئے ہیں ۔ امریکہ میں قیام کے دوران وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات چیت کرینگے اور باہمی تعلقات کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش کرینگے ۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں اس وقت سے سرد مہری پیدا ہوگئی تھی جب ٹرمپ نے پاکستان کی سر عام مذمت کی تھی ۔ انہوں نے پاکستان کو فوجی امداد بند کردی تھی اور اس سے کہا تھا کہ وہ دہشت گردی سے مقابلہ کیلئے مزید اقدامات کرے ۔ 66 سالہ عمران خان پیر کو وائیٹ ہاوز میں ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں اور اس دوران امریکی قیادت امکان ہے کہ ان پر دہشت گرد اور عسکری گروپس کے خلاف فیصلہ کن اور سخت گیر اقدامات کرنے پر زور دیگی جو پاکستان کی سرزمین سے کام کر رہے ہیں۔ عمران خان قطر ائرویز کی ایک تجارتی پرواز سے امریکہ پہونچے ہیں اور وہ پاکستانی سفیر برائے امریکہ کی سرکاری قیامگاہ میں مقیم ہیں۔ ائرپورٹ پر ان کے ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا ۔ کثیر تعداد میں پاکستانی شہریوں نے بھی ان کا خیر مقدم کیا ۔ ڈیولس ائرپورٹ پر عمران خان کا کارگذار سربراہ پروٹوکول میری کیٹ فشر نے خیر مقدم کیا ۔ نواز شریف وہ آخری وزیر اعظم تھے جنہوں نے سرکاری دورہ پر اکٹوبر 2015 میں امریکہ کا دورہ کیا تھا ۔ عمران خان کا یہ سہ روزہ دورہ ہے ۔ اس موقع پر وہ ٹرمپ سے ملااقت کے علاوہ آئی ایم کے کارگذار صدر ڈیوڈ لپٹن سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں اور ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس سے بھی ملیں گے ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو بھی عمران خان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔