عمران خاں نے کہا تھا مودی جی میں پٹھان کا بچہ ہوں

,

   

دہشت گردی کے خلاف پٹھان کو اب اپنی زبان پر عمل کردکھانے کا وقت آگیا ہے : نریندر مودی
کشمیریوں کو ہراساں کرنے کیخلاف مودی کا انتباہ
کشمیری نوجوان بھی دہشت گردی سے متاثر

جئے پور / ٹونک ۔ 23 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : پلوامہ دہشت گرد حملے اور اس کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خاں کے بیان کے جواب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عمران خاں اپنے لفظوں اور اپنی زبان کی کسوٹی پر کھرے اتر کر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں ۔ راجستھان کے مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر اظہار خیال کیا ۔ خاص کر پلوامہ واقعہ پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت آنے کے بعد میں نے پروٹوکول کے مطابق عمران خاں کو فون کر کے مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ ہم بہت لڑ چکے ہیں آؤ مل کر غریبی کے خلاف لڑیں ، اس پر عمران خاں نے جواب دیا تھا کہ مودی جی میں پٹھان کا بچہ ہوں کبھی جھوٹ نہیں بولتا ، اب جب کہ دہشت گردوں نے کشمیر میں کارروائی کی ہے تو عمران خاں پٹھان کو اپنی زبان پر عمل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ ہماری لڑائی دہشت گردوں کے خلاف ہے ۔ کشمیریوں کے خلاف نہیں ۔ پلوامہ حملہ پر پاکستان کے ساتھ ہم نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہیں کیا آپ کو فوج اور مودی حکومت پر بھروسہ نہیں ہے ۔ کشمیریوں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات پر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کے خلاف ہیں ۔ ہماری یہ لڑائی کشمیر کے لیے ہے ۔ کشمیریوں کے خلاف نہیں ہے ۔ انہوں نے کشمیریوں پر حملوں اور ہراساں کرنے کے خلاف انتباہ دیا۔ اس دہشت گردی کی وجہ سے کشمیری نوجوان بھی مشکلات کا شکار ہیں اور یہ لوگ بھی دہشت گردوں کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں ہم کو انہیں اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہی امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ ایک سال قبل جب امرناتھ یاتریوں پر فائرنگ کی گئی تھی اس کے خلاف کشمیری مسلم عوام نے قطار میں کھڑے ہو کر اپنے ہندو بھائیوں کے لیے خون کا عطیہ دیا تھا اور ان کی جانیں بچائی تھیں ۔ اگر ہم دہشت گردوں کے خلاف لڑائی جیتنا چاہتے ہیں تو ہم کو غلطیاں نہیں کرنی چاہئے۔ دہشت گرد ایک دہشت گرد ہی ہوتا ہے ۔ ان کی وجہ سے کشمیری عوام بھی مسائل کا سامنا کررہے ہیں ۔۔